China Mein Corruption Par Saza, Pakistan Mein Wizarat?
چین میں کرپشن پر سزا پاکستان میں وزارت؟
چین میں کرپشن ریاست کے خلاف جرم ہے پاکستان میں کبھی کبھی کرپشن کا الزام بھی سیاسی تجربہ قرار پاتا ہے وہاں بدعنوانی ثابت ہو جائے تو قانون حرکت میں آتا ہے یہاں بدعنوانی کے الزامات سامنے آئیں تو سیاسی جماعت حرکت میں آتی ہے ترجمان بیان دیتے ہیں مخالفین پریس کانفرنس کرتے ہیں حمایتی دفاع کرتے ہیں اور کچھ عرصے بعد وہی کردار دوبارہ اقتدار کے ایوان میں نظر آجاتا ہے فرق صرف اتنا ہے کہ وہاں کرپشن سے ریاست ڈرتی ہے یہاں ریاستی عہدے کرپشن کے الزامات سے نہیں ڈرتے سوال یہ نہیں کہ چین میں پھانسی کیوں ہے اور پاکستان میں کیوں نہیں سوال یہ ہے کہ پاکستان میں احتساب اتنا بے جان کیوں ہے کہ بڑے سے بڑا مالی اسکینڈل بھی طاقتور آدمی کے سیاسی قد کو نہیں گراتا؟
ہمیں سزاؤں کی نقل نہیں کرنی ہمیں نظامِ احتساب کی روح سمجھنی ہے چین نے کم از کم یہ پیغام واضح رکھا کہ سرکاری منصب ذاتی دولت بنانے کا ذریعہ نہیں۔ پاکستان میں مسئلہ یہ ہے کہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد احتساب کے وہ تمام اصول جو اپوزیشن میں بیٹھ کر مقدس دکھائی دیتے ہیں حکومت کی کرسی تک پہنچتے پہنچتے مشکوک ہوجاتے ہیں۔ ایک جماعت اقتدار میں ہو تو دوسری جماعت اسے چور کہتی ہے دوسری جماعت اقتدار میں آتی ہے تو پہلی جماعت کو چور کہتی ہے دونوں ایک دوسرے پر قومی خزانہ لوٹنے کے الزامات لگاتی ہیں عوام تالیاں نہیں بجاتے بلکہ اپنا سر پکڑ کر بیٹھ جاتے ہیں........
