Gyan Devi Ke Maabad Mein 2 Ghante
گیان دیوی کے معبد میں دو گھنٹے
امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں جب آپ کانگرس کے بلند و بالا گنبد والے ایوان کے وسیع سبزہ زاروں کو عبور کرکے عمارت کے عقب میں پہنچ جاتے ہیں تو اپنے آپ کوسنگ مر مر سےتعمیر کردہ ایک عمارت کے روبرو پاتے ہیں جس کا گنبد کیپیٹل کے گنبد سے تو چھوٹا ہے لیکن اس کے بام و سقف سے شکوہ اور جلال پھوٹتا ہے۔
یہ مشہورِ زمانہ لائبریری آف کانگریس ہے۔
سنہ 1800ء میں امریکی صدر ٹامس جیفرسن کے ایما اور بعد میں اپنے ذاتی کتب خانے کی 21 ہزار ڈالر میں فروخت کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آنے والی لائبریری آف کانگرس کو دنیا کا سب سے بڑا کتب خانہ ہونے کا قابلِ رشک اعزاز حاصل ہے۔ لیکن یہ کتب خانہ صرف کتابوں تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ علم، تحقیق اور تخلیق کا بہتا دریا ہے اور ساتھ ہی ساتھ اس کے بنانے والوں نے پوری کوشش کی ہے کہ عمارت ظاہری طور پر بھی اپنے مشمولات کے شایانِ شان ہو۔
کتب خانے میں سیر کرنے والوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ مجھے بھی ایک لمبی قطار میں کھڑے رہنے کے بعد باریابی کا موقع ملا۔ دوسرے امریکی اداروں کی طرح یہاں بھی سامان کی چھان بین اور ایکس رے مشین سے گزرنا ناگزیر ہے۔
استقبالیے میں وقفے وقفے سے معلوماتی ٹورز کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں ماہر لائبریری دان سیاحوں کو آدھے گھنٹے کے اندر عمارت کے طرزِ تعمیر، تاریخ اور اہمیت سے روشناس کرا دیتے ہیں۔ انہی کی زبانی معلوم ہوتا ہے کہ درو دیوار کی سجاوٹ میں امریکہ کے چوٹی کے ہنرمندوں اور فنکاروں نے حصہ لیا تھا۔ اٹلی سے موزیک کا کام کرنے والے کاریگر الگ سے منگوائے گئے........
