Cyber Space: Nai Dunya, Naye Mujrim
سائبر اسپیس: نئی دنیا، نئے مجرم
وہ ہر رات شہر میں آتا تھا، مگر کسی نے اسے کبھی آتے ہوئے نہیں دیکھا۔ وہ دروازے نہیں توڑتا تھا، تالے نہیں کھولتا تھا، نہ ہی دیواروں میں نقب لگاتا تھا۔ حیرت انگیز بات یہ تھی کہ اس کے جانے کے بعد گھروں کا سامان اپنی جگہ موجود رہتا، مگر لوگوں کی زندگیاں بدل چکی ہوتیں۔ کسی کی برسوں کی جمع پونجی غائب ہو جاتی، کسی کی عزت نیلام ہو جاتی، کسی کی شناخت کسی اجنبی کے نام منتقل ہو جاتی اور کہیں ایک پوری ریاست کے راز خاموشی سے چرا لیے جاتے۔ شہر کے بزرگ اسے ایک افسانہ سمجھتے، دانشور اسے نئی تہذیب کا سایہ کہتے اور بچے اس کا نام سن کر خوف زدہ ہو جاتے۔ مگر کوئی یہ نہیں جانتا تھا کہ وہ آخر ہے کون؟
پھر ایک دن راز کھلا۔ وہ نہ کوئی انسان تھا، نہ کوئی ڈاکو، نہ کوئی جاسوس۔ وہ ایک ایسی دنیا کا باسی تھا جسے انسان نے خود اپنے ہاتھوں سے تعمیر کیا تھا، ایک ایسی دنیا جہاں فاصلے ختم ہو گئے، مگر خطرات لامحدود ہو گئے۔ اس کا ہتھیار بندوق نہیں بلکہ کی بورڈ تھا، اس کا چہرہ نہیں بلکہ جعلی شناخت تھی اور اس کا میدانِ جنگ زمین نہیں بلکہ سائبر اسپیس تھی۔ یہی وہ خاموش دشمن ہے جسے آج دنیا سائبر جرائم کے نام سے جانتی ہے۔
ڈیجیٹل انقلاب نے دنیا کو ایک عالمی گاؤں میں تبدیل کر دیا، جہاں معلومات، تجارت، تعلیم، طب، بینکاری اور حکمرانی کے بیشتر شعبے انٹرنیٹ سے وابستہ ہو چکے ہیں۔ لیکن یہی ڈیجیٹل دنیا اب ایک ایسے غیر مرئی میدانِ جنگ میں تبدیل ہو رہی ہے جہاں ہتھیار بارود نہیں بلکہ ڈیٹا، الگورتھم، مصنوعی ذہانت، جعلی شناختیں اور سائبر حملے ہیں۔ آج سائبر جرائم کسی ایک فرد، ادارے یا ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک اجتماعی چیلنج بن چکے ہیں۔
دورِ حاضر میں مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) نے انسانی زندگی کو بے شمار سہولتیں فراہم کی ہیں۔ طب میں بیماریوں کی تشخیص، تعلیم میں ذاتی نوعیت کی تدریس، زراعت میں پیداوار میں اضافہ، صنعت میں خودکار نظام اور تحقیق میں تیز رفتار تجزیے اس کی چند مثالیں ہیں۔ لیکن ہر طاقتور ٹیکنالوجی کی طرح مصنوعی ذہانت کا منفی استعمال بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ سائبر مجرم اب AI کی مدد سے نہ صرف پیچیدہ حملے کر رہے ہیں بلکہ ایسے سافٹ ویئر تیار کر رہے ہیں جو روایتی سیکیورٹی نظام کو بھی دھوکہ دے سکتے ہیں۔ خودکار فشنگ ای میلز، جعلی ویب سائٹس، شناخت........
