Ye Jo Lahore Se Muhabbat Hai
یہ جو لاہور سے محبت ہے
میں نے کبھی بیرونِ ملک کا کوئی سفر نہیں کیا، نہ ہی کبھی پیرس، لندن یا نیویارک کی سڑکوں پر چلنے کی تمنا کی ہے، مجھے اس کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی، کیونکہ میں نے اپنے پیارے پاکستان کو چھان مارا ہے، گلگت کی برفیلی چوٹیوں سے لے کر کراچی کے ساحلِ سمندر تک اور خیبر کے تاریخی دروں سے لے کر مہران کی مٹی تک میں نے اس ملک کا چپا چپا گھوما ہے۔ میں پورے وثوق سے کہتا ہوں کہ جو جادو، جو سحر اور جو زندگی اس مٹی میں ہے، اس کا دنیا میں کوئی ثانی ہو ہی نہیں سکتا اور جب بات ہو میرے لاہور کی، تو یہ شہر صرف ایک جغرافیائی خطہ نہیں ہے۔ لاہور ایک کیفیت ہے، ایک احساس ہے اور یہ وہ جنون ہے جو انسان کے خون میں دوڑتا ہے تو اسے زندگی کا اصل سلیقہ سکھا دیتا ہے۔
پچھلے کچھ ہفتے اس شہرِ بے مثال پر بہت بھاری گزرے۔ توانائی کے بحران اور معاشی ہچکیوں کے نام پر ایک ایسا "لاک ڈاؤن" نافذ کیا گیا جس نے اس ہنستے کھیلتے شہر کو مرجھا کر رکھ دیا تھا۔ شام آٹھ بجتے ہی دکانیں، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز یوں زبردستی بند کرا دیے جاتے تھے جیسے کسی ہسپتال کا آئی سی یو وارڈ ہو۔........
