Comedian?
بھگونت مان، ستوج گاؤں میں پیدا ہوا۔ یہ جگہ سنگ رور ضلع کا حصہ ہے جو ہندوستانی پنجاب میں واقع ہے۔ 1973ء میں دنیا میں آنے والے بچے کا خاندان بالکل عام سا تھا اور آج بھی حد درجہ عام سا ہے۔ اس کی ابتدائی تعلیم اودھم سنگھ گورنمنٹ اسکول، چیمہ گاؤں میں ہوئی۔ پھر اودھم سنگھ کالج میں آ گیا۔ بھگونت مان کو بچپن سے طنز و مزاح سے حد درجہ دلچسپی تھی۔ اوائل عمری سے مزاحیہ پروگراموں میں شرکت کرتا رہا۔ پھر ٹی وی پر بھی مزاحیہ پروگرام"جگنو کہندا اے" کرنا شروع کیا۔
جو حد درجہ کامیاب ٹھہرا۔ 2006ء میں "جگنو ست ست" نام کا ایک ٹی وی کامیڈی شو شروع کیا جو پہلے کی طرح عوام میں حد درجہ پسند کیا گیا۔ ایسے متعدد مزاحیہ شو، ڈرامے اور فلمیں ہیں جس میں بھگونت، لوگوں کو ہنسانے کا کام کرتا رہا۔ اپنی جوانی میں ایک مستند مزاحیہ فنکار بن چکا تھا۔ مگر قدرت اسے جس کام کے لیے تیار کر رہی تھی۔ بھگونت اسے سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ مستقبل اس کے تصور سے بھی زیادہ درخشاں تھا۔ 2011ء میں، باقاعدہ سیاست میں آ گیا اور یہاں سے اس کامیڈین میں سے ایک ایسا نایاب لیڈر نکلا جس نے اپنے صوبہ یعنی ہندوستانی مشرقی پنجاب کی قسمت بدل ڈالی۔ 2014ء میں عام آدمی پارٹی سے اسمبلی کا الیکشن جیت گیا اور لوک سبھا کا ممبر بن گیا۔ عام سا آدمی، جس کی ہمارے جیسے ملک میں کوئی اہمیت نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی کا کنوینئر بن گیا۔ یہ 2017 کا وقت تھا۔
اروند کیجری وال، جو عام آدمی پارٹی کے سربراہ ہیں۔ انھوں نے پنجاب کی قیادت کے لیے، اپنے آئین کے مطابق، عوام میں سے ایک ہیرے کو تلاش کیا۔ اٹھارہ جنوری 2022ء کو وہ وزیراعلیٰ منتخب ہوگیا۔ یہ حیران کن کارناموں کی شروعات تھی۔ اس نے اپنا حلف کسی عالی شان گورنر ہاؤس یا سرکاری عمارت میں نہیں اٹھایا۔ بلکہ آزادی حاصل کرنے میں جدوجہد کرنے والے عظیم مجاہد، بھگت سنگھ کے آبائی گاؤں کھٹکار کلاں میں مکمل کیا۔ حلف برداری کی، اس نئی روایت سے پہلے پولیس کے صوبائی سربراہ کو بلایا اور وی آئی پی کلچر ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ تمام سیاست دانوں سے سرکاری سکیورٹی واپس لے لی........
