Muasharti Rawaiyon Ka Almiya Aur Na Shukri Ka Tasalsul
معاشرتی رویوں کا المیہ اور ناشکری کا تسلسل
ہمارے معاشرے کا ایک دلچسپ مگر افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ ہم کسی نئی چیز کو قبول کرنے سے پہلے اِسے مُسترد کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔ خواہ وہ کوئی نیا رُجحان ہو یا کوئی نیا طرزِ فکر، کوئی نیا لباس ہو یا کوئی نیا معاشرتی رویہ، جب تک اسے معاشرے کی روایتی سوچ کی سند حاصل نہیں ہو جاتی ہم اسے قبول کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب کوئی نیا رُجحان کسی مہذب لباس اور شائستہ انداز میں ہمارے سامنے آتا ہے تب بھی ہم اسے قبول کرنے کی بجائے اس کے خلاف مزاحمت شروع کر دیتے ہیں۔ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم کسی چیز کو اس کی افادیت اور معنویت کی بنیاد پر پرکھنے کی بجائے اسے اپنے مُروجہ سماجی تصورات کے ترازو میں تولنے کے عادی ہو چکے ہیں۔
معاشرے میں کسی نئے رُجحان کی پذیرائی کا بھی اپنا ایک طبقاتی نظام ہوتا ہے۔ عموماً کوئی نیا چلن سب سے پہلے بالائی اور صاحبِ اثر طبقے میں مقبول ہوتا ہے۔ اس کے بعد متوسط طبقہ اسے اپناتا ہے اور بالآخر مڈل اور لوئر مڈل کلاس بھی اس کا حصہ بن جاتی ہے۔ دلچسپ بات یہ کہ اس پورے عمل میں ایک دلچسپ تبدیلی رونما ہوتی ہے۔ بالائی طبقہ یعنی ایلیٹ کلاس کسی رُجحان کو مُتعارف کرانے کے بعد بہت جلد اس سے آگے نکل جاتا ہے اور کسی نئے رُجحان کی تلاش میں مصروف ہو جاتا ہے۔ اس کے برعکس نچلا اور نچلا متوسط طبقہ دیر تک اسی رُجحان سے وابستہ رہتا ہے۔ وہ اسے اپنی شناخت اور معاشرتی ترقی کی علامت سمجھنے لگتا ہے۔ یوں ایک وقت ایسا آتا ہے جب وہی چیز جو کبھی جدیدیت اور وجاہت کی علامت سمجھی جاتی تھی ایک خاص طبقاتی شناخت بن کر رہ جاتی ہے۔ بعض اوقات یہی وابستگی احساسِ کمتری اور ذہنی پیچیدگیوں کو بھی جنم دیتی ہے۔
ہمارے ہاں شادی بیاہ کے معاملات اس معاشرتی رویے کی ایک واضح مثال ہیں۔ آج بھی کسی رشتے کے انتخاب کے وقت ہماری ترجیحات کی ایک طویل فہرست سامنے آ جاتی ہے۔ خاندان اور نسب کیا ہے؟ مذہب اور مسلک کیا ہے؟ معاشی حیثیت کتنی مضبوط ہے؟ جائیداد کتنی ہے؟ خاندان کا معاشرتی مقام کیا ہے؟ ذات کیا ہے؟ رنگ کیسا ہے؟ اس کے بعد کہیں جا کر شکل و صورت اور دیگر شخصی اوصاف کا نمبر آتا ہے۔ گویا ہم نے کسی انسان کو قبول کرنے یا مسترد کرنے کے لیے ایک ایسی چیک لسٹ تیار کر رکھی ہے جس پر بہت کم لوگ پورا اُتر سکتے ہیں۔ ہم انسان کو اس کی شخصیت اور کردار سے پہچاننے کی بجائے اس کے ساتھ وابستہ سماجی حوالوں سے جانچنے لگتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ رشتے محبت، اعتماد........
