Al Salam o Alaika Ya Ibn Rasool Allah
السلام علیک یا ابن رسول اللہ ﷺ
تاریخِ انسانیت میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جو اپنے اعمال، کردار اور فیصلوں کے ذریعے محض ایک فرد نہیں رہتیں بلکہ ایک فکر، ایک نظریہ اور ایک دائمی پیغام بن جاتی ہیں۔ ان شخصیات کی عظمت کا راز ان کی ظاہری کامیابیوں میں نہیں بلکہ اس لمحۂ انتخاب میں پوشیدہ ہوتا ہے جب وہ حق اور باطل کے درمیان کھڑے ہوکر ایسا فیصلہ کرتی ہیں جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بن جاتا ہے۔ واقعۂ کربلا کی تاریخ ایسے ہی عظیم کرداروں سے مزین ہے۔ یہاں ہر شخصیت اپنی جگہ ایک مستقل درسگاہ ہے، ہر شہید ایک مکمل بابِ معرفت ہے اور ہر قربانی انسانیت کے لیے ایک ابدی پیغام رکھتی ہے۔ انہی درخشاں کرداروں میں ایک نام حُر بن یزید الریاحیؑ کا بھی ہے، جو تاریخِ کربلا میں توبہ، بصیرت، جرأتِ اعتراف اور بیداریِ ضمیر کی سب سے روشن علامت بن کر سامنے آتا ہے۔
اگر واقعۂ کربلا کو انسانی شعور کی سب سے بڑی اخلاقی آزمائش قرار دیا جائے تو حُر بن یزید الریاحیؑ اس آزمائش میں کامیاب ہونے والے ان منفرد انسانوں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اقتدار، منصب، قبائلی حیثیت اور دنیاوی مفادات کو ٹھکرا کر حق کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔ یہی وجہ ہے کہ کربلا کے تمام کرداروں میں حُرؑ کا مقام ایک خاص انفرادیت رکھتا ہے۔ حضرت عباسؑ وفاداری کا استعارہ ہیں، حضرت علی اکبرؑ جوانی کی قربانی کا عنوان ہیں، حضرت قاسمؑ اطاعت و عشق کی علامت ہیں، لیکن حُرؑ امید کا استعارہ ہیں، وہ امید جو ہر خطاکار، ہر گناہگار اور ہر بھٹکے ہوئے انسان کو یہ پیغام دیتی ہے کہ جب تک زندگی باقی ہے، واپسی کا دروازہ بند نہیں ہوتا۔
تاریخی روایات کے مطابق حُر بن یزید الریاحیؑ قبیلہ بنی ریاح کے ایک ممتاز سردار اور کوفہ کے معروف سپہ سالار تھے۔ ان کا شمار ان افراد میں ہوتا تھا جن کی بہادری، جنگی مہارت اور قبائلی اثر و رسوخ پورے عراق میں معروف تھا۔ عبیداللہ بن زیاد نے جب امام حسینؑ کے قافلے کو روکنے کے لیے لشکر روانہ کیا تو حُرؑ کو ایک ہزار سواروں کے ساتھ اس مہم پر مامور کیا گیا۔ بظاہر وہ حکومتِ وقت کے ایک وفادار سپاہی تھے اور انہیں حکم دیا گیا تھا کہ امام حسینؑ کو کوفہ نہ پہنچنے دیا جائے۔
یہیں سے تاریخ کا وہ باب شروع ہوتا ہے جو حُرؑ کو عام سپہ سالاروں سے ممتاز کر دیتا ہے۔
جب حُرؑ کا لشکر شدید گرمی اور پیاس کی حالت میں امام حسینؑ کے قافلے کے قریب پہنچا تو امامؑ نے نہ صرف سپاہیوں بلکہ ان کے گھوڑوں تک کو پانی پلانے کا حکم دیا۔ عرب کی جنگی تاریخ میں دشمن کے ساتھ ایسا سلوک غیر معمولی تھا۔ یہاں دشمنی سے پہلے انسانیت تھی، جنگ سے پہلے اخلاق تھا اور سیاست سے پہلے رحمت تھی۔ امام حسینؑ کے اس عمل نے حُرؑ کے دل پر پہلا اثر اسی وقت چھوڑ دیا تھا، اگرچہ وہ اس کیفیت کو اُس وقت پوری طرح سمجھ نہ سکے۔
کربلا کی تاریخ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ حُرؑ اور امام حسینؑ کے درمیان ہونے والے مکالمے محض دو افراد کی گفتگو نہیں تھے بلکہ وہ ضمیر اور اقتدار، حق اور مصلحت، نور اور ظلمت کے درمیان........
