Waldain Ka Kirdar
انسان کی زندگی میں سب سے پہلا رشتہ جو اسے دنیا سے جوڑتا ہے، وہ والدین کا رشتہ ہے۔ بچہ جب اس دنیا میں آتا ہے تو وہ صرف ایک جسمانی وجود نہیں ہوتا بلکہ ایک مکمل امکان، ایک نیا ذہن، ایک نئی شخصیت اور ایک نئے مستقبل کا آغاز ہوتا ہے۔ والدین کا اصل کام صرف اس بچے کو زندہ رکھنا، اسے کھانا، لباس اور تعلیم فراہم کرنا نہیں بلکہ اس کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو دریافت کرنا، اس کی شخصیت کو سنوارنا اور اسے ایک متوازن، بااعتماد اور ذمہ دار انسان بنانا ہے۔ اسی لیے والدین کا کردار صرف محافظ تک محدود نہیں رہتا، بلکہ وقت کے ساتھ وہ معمار کا کردار اختیار کر لیتے ہیں۔ محافظ بچے کو خطرات سے بچاتا ہے، لیکن معمار بچے کے اندر وہ صلاحیت پیدا کرتا ہے کہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا خود مقابلہ کر سکے۔
والدین کا گھر بچے کے لیے دنیا کا پہلا تعارف گھر سے شروع ہوتا ہے۔ ماں کی آواز، باپ کا رویہ، گھر کا ماحول اور خاندان کے تعلقات اس کے ذہن پر ابتدائی نقوش ثبت کرتے ہیں۔ ایک بچہ الفاظ سے پہلے جذبات کو سمجھتا ہے۔ وہ یہ محسوس کرتا ہے کہ گھر میں محبت ہے یا خوف، اعتماد ہے یا عدم تحفظ، گفتگو ہے یا خاموشی۔
ماہرِ نفسیات البرٹ بینڈورا (Albert Bandura) کے مطابق بچے مشاہدے کے ذریعے سیکھتے ہیں۔ وہ صرف یہ نہیں دیکھتے کہ والدین انہیں کیا سکھاتے ہیں بلکہ یہ بھی دیکھتے ہیں کہ والدین خود کیسے زندگی گزارتے ہیں۔ اگر بچہ دیکھتا ہے کہ والدین مشکلات میں صبر کرتے ہیں، دوسروں کا احترام کرتے ہیں اور غلطیوں کو سیکھنے کا موقع سمجھتے ہیں تو وہ بھی یہی رویے اختیار کرتا ہے۔ لیکن اگر گھر میں ہر مسئلے کا حل غصہ، خوف یا تنقید ہو تو بچہ غیر شعوری طور پر یہی انداز اپنا لیتا ہے۔
والدین کا پہلا فریضہ بچے کو تحفظ دینا ہے۔........
