Bilawal Bhutto Zardari Ka Siasi Shaoor Aur Jamhuriat Ka Mustaqbil
بلاول بھٹو زرداری کا سیاسی شعور اور جمہوریت کا مستقبل
پاکستان کی سیاست میں المیہ صرف یہ نہیں کہ یہاں غلطیاں ہوتی ہیں اصل المیہ یہ ہے کہ غلطی کو غلطی کہنے کا حوصلہ ہمارے ہاں بہت کم نظر آتا ہے۔ اقتدار میں بیٹھے ہوئے ہر فیصلہ درست جبکہ اپوزیشن میں آکر ہر فیصلہ غلط اپنے رہنما کا ہر اقدام تاریخی اور مخالف کا ہر قدم جمہوریت دشمن۔ اسی عینک نے ہماری سیاسی سوچ کو اس قدر تنگ کر دیا ہے کہ سچ بھی اب جماعتی وابستگی کے رنگ میں نظر آتا ہے۔ ایسے ماحول میں اگر کوئی سیاسی راہنما اپنے ماضی کے فیصلوں نظام کی خرابیوں اور سیاسی قیادت کی اجتماعی غلطیوں پر سوال اٹھائے تو اسے محض ایک سیاسی بیان کہہ کر رد کر دینا انصاف نہیں ہوگا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ تقریر کو بھی اسی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔ کراچی پریس کلب میں بلاول بھٹو نے جس کھلے دل اور جرات بھرے انداز میں ملکی سیاسی نظام پارلیمنٹ کی بالادستی سیاسی مخالفین کے حقوق نئے صوبوں اداروں کی ساکھ اور سیاسی اعتماد کی بحالی پر بات کی وہ واقعی ایک نئی بحث کا آغاز ہے۔ ان کی تقریر کا سب سے روشن پہلو یہ تھا کہ انہوں نے نظام کی خرابیوں کا اعتراف کیا اور یہ تسلیم کیا کہ سیاست دانوں سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں اور اب اصلاح کی ضرورت ہے۔
میرے نزدیک یہ اعتراف بذات خود ایک بڑی سیاسی پیش رفت ہے کیونکہ سیاست میں غلطی کرنا اتنا بڑا جرم نہیں جتنا غلطی پر اصرار کرنا اور اسے اپنی انا کا مسئلہ بنا لینا ہے۔ ہمیں یہ حقیقت تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بھی ملکی سیاست کا حصہ رہی ہے وفاقی حکومتوں میں شریک رہی ہے سندھ میں طویل عرصے سے اقتدار میں ہے اور قومی فیصلوں میں اس کا کردار بھی رہا ہے۔ لہٰذا موجودہ نظام کی تمام خرابیوں کا ذمہ دار صرف دوسروں کو قرار دے کر ہم خود کو بری الذمہ نہیں کر سکتے۔ اگر نظام کمزور ہوا ہے تو اس میں تمام سیاسی قوتوں کے فیصلوں مصلحتوں اور خاموشیوں کا حصہ بھی تلاش کرنا ہوگا۔ یہی حقیقت پسندی ہے اور یہی وہ سیاسی رویہ ہے جس کی آج پاکستان کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
بلاول بھٹو کی اس بات سے اختلاف ممکن نہیں کہ نظام خود بخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کیا گیا ہے۔ ہماری سیاسی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ جب بھی پارلیمنٹ کو کمزور کیا گیا عوامی مینڈیٹ کو متنازع بنایا گیا سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کیا گیا اور اداروں کو سیاسی کشمکش میں گھسیٹا گیا اس کا نقصان بالآخر پاکستان اور اس کے عوام نے اٹھایا لیکن اس تصویر کا دوسرا رخ بھی ہے۔ سیاسی جماعتیں جب اقتدار میں ہوتی ہیں تو انہیں پارلیمنٹ کی بالادستی جمہوری روایات اور عوامی اختیار کا تحفظ زیادہ شدت سے........
