Alhaj Abdul Mustafa Saeedi Aik Munfarid Naat Khwan
نعت رسول مقبول ﷺ کی تاریخ اتنی ہی پرانی ہے جتنی تاریخ اسلام پرانی ہے۔ حضور ﷺ کے دور میں ہی نعت پڑھنے کا سلسلہ شروع ہو چکا تھا۔ عہد نبوی کے نعت خوانوں میں ایک بڑا نام حضرت حسان بن ثابتؓ کا ہے۔ عہد نبوی ﷺ سے لے کر اب تک نعت خوانی کا یہ سلسلہ جاری ہے اور تا قیامت جاری رہے گا۔ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں نعت خوانی بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ ہوتی ہے۔ ریاست بہاولپور میں نعت خوانی کو عبادت ہی سمجھا جاتا ہے۔ یہاں نعت خوانی کا سلسلہ ویسے تو سارا سال ہی جاری رہتا ہے تاہم ربیع الاول اور رمضان المبارک کے دوران یہ محافل عروج پر ہوتی ہیں۔
سرائیکی دھرتی نے بڑے بڑے نامور نعت خوان پیدا کئے ہیں ان میں سے ایک نام الحاج ملک عبدالمصطفیٰ سعیدی کا بھی ہے۔ جو اپنی طرز، آواز، ادائیگی، تلفظ اور کلام کے انتخاب میں ایک منفرد حیثیت و مقام کے حامل ہیں۔ سرائیکی زبان میں آقائے دوجہاں سے محبت کا اظہار اور عقیدت بھرا یہ سفر سرائیکی ڈوہڑے سے شروع ہوکر نعت تک پہنچنے کا یہ والہانہ عشق ان کی انفرادیت ہے۔ یہاں کے مقامی سرائیکی لوگ نعت کے اشعار کے ساتھ ساتھ لہجہ، تلفظ اور سر کو سمجھنے کی خصوصی حس اور جذبہ رکھتے ہیں اس لیے پورے سرائیکی علاقے میں ان کی آواز کو دیوانہ وار پسند کیا جاتا ہے۔
کہتے ہیں کہ کسی ملک کے بڑے اور منفرد نعت خوان کو خراج تحسین پیش کرنا دراصل ان کی اس عقیدت اور محبت کو سلام پیش کرنا ہوتا ہے جو انہوں نے اپنی آواز کے ذریعے کروڑوں دلوں میں پیدا کردی ہے۔ نعت خوانی محض ایک فن نہیں بلکہ ایسی سعادت ہے جو قسمت والوں کے حصے میں آتی ہے۔ اسی لیے جب ہم الحاج ملک عبدالمصطفیٰ سعیدی جیسی شخصیت کا ذکر کرتے ہیں تو ایک ایسے نامور ثناءخوان رسول کا تصور ابھرتا ہے جسے یہ اعزاز ورثہ میں ملا اور پھر جس نے اپنی پوری زندگی مدح رسول ﷺ کے لیے وقف کردی۔ جونہی وہ مائیک پر اپنی مخصوص سرائیکی طرز میں "یا رسول اللہ" کی پکار بلند کرتے ہیں سامعین کے دل تڑپ اٹھتے ہیں۔ آنکھوں سے آنسوں کے بند ٹوٹ جاتے ہیں۔
ہر سال آل پاکستان محفل نعت کا ڈیرہ نواب صاحب میں انعقاد بھی الحاج ملک عبدالمصطفیٰ سعید ی کی ہر دلعیزیز اور باوقار شخصیت اور ان کے ساتھیوں کی بے پناہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ مجھے بھی ان کے پرستار ہونے کا شرف ہمیشہ رہا ہے۔ مجھے اور میرے علاقے کے لوگوں کو یہ فخر ہمیشہ رہتا ہے کہ ہمارا تعلق بھی اسی سرزمین سے ہے جس سرزمین نے الحاج ملک عبدالمصطفیٰ سعیدی جیسا ثنا خوان رسول پیدا کیا ہے۔ ریاست بہاولپور کی یہ سرزمین ہمیشہ سے عشق رسول سے سرشار نعت خوانوں کی آماجگاہ رہی ہے۔ یہاں پر قائم "صادق سرائے" نعت خوانی کی تربیت گاہ کہلاتی تھی۔ جس کی سرپرستی والیان........
