Fikr e Hussain Aur Karbala Ka Tehzeebi Shaoor
فکرِ حسینؑ اور کربلا کا تہذیبی شعور
انسانی تاریخ میں بعض شخصیات اور بعض واقعات محض اپنے زمانے تک محدود نہیں رہتے بلکہ وہ زمان و مکان کی قید سے آزاد ہو کر تہذیبوں کے فکری اور اخلاقی شعور کا مستقل حصہ بن جاتے ہیں۔ اسلامی تاریخ میں واقعۂ کربلا اور فکرِ حسینؓ اسی نوعیت کی ایک عالمگیر حقیقت ہیں جنہوں نے صدیوں سے نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام آزاد ضمیر انسانوں کی فکری تشکیل، اخلاقی بیداری اور اجتماعی شعور کی آبیاری کی ہے۔ اگر اسلام کو ایک مکمل تہذیبی، اخلاقی اور سماجی نظام کے طور پر دیکھا جائے تو فکرِ حسینؓ اور پیغامِ اہلِ بیتؑ اس نظام کی روح، اس کا اخلاقی ضمیر اور اس کی اصلاحی قوت کے طور پر سامنے آتے ہیں۔
اہلِ بیتؑ کی محبت اور اطاعت کا تصور محض جذباتی وابستگی یا تاریخی عقیدت کا نام نہیں بلکہ یہ دراصل نبویﷺ تعلیمات کے اس زندہ تسلسل کا اظہار ہے جس نے اسلام کے اخلاقی اور انسانی پیغام کو ہر دور میں محفوظ رکھا۔ قرآنِ مجید نے رسولِ اکرم ﷺ کی اطاعت کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت قرار دیا اور رسولِ اکرم ﷺ نے اپنی امت کو اہلِ بیتؑ کے ساتھ وابستگی، محبت اور احترام کی تعلیم دے کر اس فکری اور روحانی تسلسل کی بنیاد فراہم کی۔ اس اعتبار سے اہلِ بیتؑ کی اطاعت دراصل ان اصولوں، اقدار اور اخلاقی معیارات کی پیروی کا نام ہے جو اسلام کو محض ایک مذہبی شناخت کے بجائے ایک زندہ تہذیب اور مکمل نظامِ حیات بناتے ہیں۔
اسلامی تہذیب کی تشکیل میں اہلِ بیتؑ کا کردار صرف مذہبی نہیں بلکہ علمی، فکری، سماجی اور سیاسی بھی ہے۔ مولا علیؑ سے لے کر حضرت امام حسنؑ اور حضرت امام حسینؑ تک اہلِ بیتؑ نے علم، عدل، حکمت، تقویٰ اور انسانی خدمت کی وہ مثالیں قائم کیں جنہوں نے مسلم معاشروں کی فکری سمت متعین کی۔ ان کی حیاتِ مبارکہ نے یہ واضح کیا کہ دین صرف عبادات اور رسوم کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک ایسا نظام ہے جو فرد کے باطن کو بھی سنوارتا ہے اور معاشرے کے اجتماعی ڈھانچے کو بھی عدل اور انصاف کی بنیادوں پر استوار کرتا ہے۔
واقعۂ کربلا اسلامی تاریخ کا محض ایک سانحہ یا سیاسی کشمکش نہیں بلکہ ایک عظیم فکری اور تہذیبی موڑ ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں اقتدار اور اصول، طاقت اور اخلاق، جبر اور آزادی، مصلحت اور حق ایک دوسرے کے مقابل آ کھڑے ہوئے۔ حضرت........
