Barfeeli Zarbein
جنوری کی چھٹیاں پوری آب و تاب سے جاری تھیں، رات کو فلمیں دیکھنا اور دن چڑھے تک سونا ہماری مصروفیات کا جامع شیڈول تھا، ایک دن بوقتِ دوپہر ہوا خوری کے ارادے سے ہوسٹل سے باہر نکل آیا، پورا شہر سنسان پڑا تھا، نہ بندہ، نہ بندے کی ذات، ہر طرف ہُو کا عالم اور برف ہی برف تھی، میں قریبی بس اسٹاپ پر جا کھڑا ہوا اور آتی جاتی بسوں کا نظارہ کرنے لگا، چونکہ اس وقت میرے پاس کرنے کو کوئی اور کام بھی نہیں تھا، اس لیے بسوں کو گننا بھی ایک باقاعدہ تفریح محسوس ہو رہی تھی۔
اچانک دھڑام کی آواز آئی، آواز ایسی تھی جیسے کسی نے برف پر گرنے کا عملی مظاہرہ کیا ہو، میں نے فوراً پلٹ کر دیکھا تو ایک نوجوان روسی لڑکی، عمر کوئی سترہ اٹھارہ برس، بھورے بال، نیلی آنکھیں، تقریباً سوا پانچ فٹ قد، زمین پر بیٹھی اپنے کپڑوں سے برف جھاڑ رہی تھی، میں اس کی طرف بڑھا، قریب پہنچ کر دونوں ہاتھ آگے کیے، اسے اٹھنے میں مدد دی، لکڑی کے بنچ پر بٹھایا اور تشویش سے پوچھا: "زیادہ چوٹ تو نہیں لگی؟"
اس نے برف جھاڑتے ہوئے جواب دیا: "شکریہ، میں ٹھیک ہوں"۔
اس روز مجھے پہلی بار احساس ہوا کہ ہوا خوری کا فیصلہ بسا اوقات انسان کو ایسی جگہ پہنچا دیتا ہے جہاں قسمت خود برف پر بیٹھ کر انتظار کر رہی ہوتی ہے، کچھ دیر وہ خاموش رہی، پھر اچانک میری طرف دیکھ کر پوچھنے لگی: "میرے ساتھ کھیلو گے؟" راوی فراغت ہی فراغت لکھ رہا تھا، میں نے اثبات میں سر ہلایا، وہ آگے بڑھی، برفیلی زمین پر جھکی اور ہاتھ سے دائیں سے بائیں ایک لمبی لکیر کھینچ دی، پھر کچھ پیچھے گئی اور وہاں بھی زمین پر ایک لکیر بنا دی، باقاعدہ کوچ کے انداز میں مجھے کھیل کے قواعد سمجھانے لگی: "وہاں پیچھے جا کر اس لکیر کے پیچھے کھڑے رہنا ہے، جب میں تین تک گنتی گنوں گی تو اسٹارٹ لے کر تیز تیز دوڑنا ہے،........
