Main Global Village Se Hijrat Karna Chahta Hoon
میں گلوبل ولیج سے ہجرت کرنا چاہتا ہوں
گذشتہ مضمون کا موضوع تھا "اطلاعاتی سامراجیت کی کہانی"۔ مگر اکیسویں صدی کو اس سے بھی بڑے چیلنج کا "ڈیجیٹل سامراجیت" کی شکل میں سامنا ہے۔ جس طرح روائیتی سامراجیت ریاست اور تجارت کے گٹھ جوڑ سے پیدا ہوئی اسی طرح یک طرفہ فیور ایبل ریاستی قوانین کے سائے میں پھلنے پھولنے والی ٹیک کمپنیوں اور ریاست کی سانٹھ گانٹھ سے ڈیجیٹل سامراجیت جنمی۔ ٹیک سامراج کی بات ہو اور امریکا کا ذکر نہ آئے یہ کیسے ممکن ہے۔
آپریٹنگ سسٹمز ہوں یا سرچ انجنز، ایپ اسٹورز ہوں یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، اے آئی ماڈلز ہو یا آپ کا ویزا، ماسٹر یا امریکن ایکسپریس کریڈٹ کارڈ، ای کامرس ہو یا آن لائن کمیونیکیشن۔ غرض دفتر یا گھر میں آپ کے زیرِ استعمال ہر ڈیجیٹل شے کسی نہ کسی امریکن ٹیک کمپنی کی ڈیجیٹل پگڈنڈی سے گزر رہی ہوگی۔
آپ کیا کھاتے پیتے ہیں، کون سے نمبر کاجوتا پہنتے ہیں، روزمرہ مشاغل کیا ہیں، مزاج کے کیسے ہیں، آپ کے دوست دشمن کون ہیں، آپ کن کن مقامات پر کم یا زیادہ جانا پسند کرتے ہیں؟ غرض یہ سب ڈیٹا ڈیجیٹل فٹ پرنٹ کی شکل میں کسی نہ کسی سات سمندر پار کمپنی کی دیگ میں مسلسل گر رہا ہے۔ اس صورتِ حال سے آپ بخوبی ان کمپنیوں کی طاقت اور پہنچ کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ گویا یہ کمپنیاں اکیسویں صدی کی اسکندر ہیں۔
وہ دن گئے جب سامراج زرخیز زمین، وسائل اور معدنیات کی لالچ میں پسماندہ علاقوں پر فوج کشی کرتا تھا۔ آج افریقہ اور ایشیا کے " رئیر ارتھ میٹیریل " سے پیدا ہونے والے ڈیجیٹل عہد میں سب سے قیمتی شے ڈیٹا ہے۔ اس کے لیے ڈیٹا........
