Jab Lalach Ne Aqal Ko Yarghamal Bana Liya
جب لالچ نے عقل کو یرغمال بنا لیا
دنیا میں دو طرح کے لوگ ہوتے ہیں ایک وہ جو محنت کرکے پیسہ کماتے ہیں دوسرے وہ جو دوسروں کو بے وقوف بنا کر امیر ہوتے ہیں لیکن سکردو کی سرزمین پر ایک تیسری مخلوق بھی دریافت ہوئی ہے جو لوگوں کو امیر ہونے کا خواب دکھاتی ہے ان کی جمع پونجی وصول کرتی ہے پھر اسی رقم میں سے کچھ حصہ واپس کرکے خود کو مسیحا مخیر اور بہشتی ثابت کرتی ہے یہ کوئی معمولی کاروبار نہیں تھا یہ تو باقاعدہ ایک ایسی معاشی درس گاہ تھی جہاں لالچ کو سرمایہ کاری دھوکے کو کاروبار اور مفت کے مال کو برکت کہا جاتا تھا۔
شیخ اعجاز بہشتی صاحب کا انداز بھی نرالا تھا کسی کے سامنے آئی فون پیش کسی کی جھولی میں نوٹوں کی گڈی کسی کی مٹھی میں نئے نوٹ کسی انجمن کے لیے چندہ کسی امام بارگاہ کے لیے نذرانہ اور کسی غریب کے لیے صدقہ گویا سخاوت کا ایسا چشمہ جاری تھا جس کے پانی کا اصل منبع دوسروں کی جیبیں تھیں اور ساتھ ایک منقبت جو روح کی تازگی کا لطف دوبالا کرتی تھی اے ملنگو جھوم جاؤ علی کا نام لیکر کیا خوبصورت انداز تھا عقیدت بھی اور لوگوں کو اپنی طرف کھینچنے کا انداز بھی۔
امیر و وزرا کے لیے سرینا ہوٹل کے دسترخوان غریبوں کے لیے آشیانے کے دروازے اہلکاروں کے لیے شاہی قافلے اور عقیدت مندوں کے لیے روحانی رنگ ہر طبقے کی ضروریات کا خیال رکھا گیا بس ایک طبقہ ایسا تھا جسے آخر میں یاد کیا گیا یعنی وہ لوگ جنہوں نے اپنی زندگی بھر کی کمائی حضرت کے سپرد کر رکھی تھی ہم نے جب اس معاشی معجزے پر سوال اٹھایا تو ہمیں سمجھایا گیا کہ تمہیں کیا معلوم یہ مولا علیؑ کا ملنگ ہے، غریبوں کا ہمدرد ہے، مجلسوں میں مصائب پڑھتا ہے، نوحہ خوانی کرتا ہے، لوگوں کی مدد کرتا ہے اس کے بڑے بڑے کاروبار ہیں۔ ہم نے عرض کیا کہ حضور! نوحہ خوانی اپنی جگہ مگر حساب کتاب بھی کوئی چیز ہوتی ہے عقیدت کو آڈٹ کا متبادل نہ بنائیے۔
مگر ہماری کون سنتا وہاں تو ہر شخص کو ایک ہی بیماری لاحق تھی پیسہ ایک مہینے میں ڈبل کیسے ہو........
