Greater Israel Aur Akhri Jang (2)
گریٹر اسرائیل اور آخری جنگ (2)
رات کے آخری پہر ایتھوپیا کے قدیم شہر اکسوم میں ایک چھوٹا سا مقدس احاطہ خاموش کھڑا ہوتا ہے۔ باہر سے دیکھیں تو شاید یہ دنیا کی تاریخ کا سب سے اہم مقام محسوس نہ ہو۔ نہ یہاں کوئی عظیم الشان محل ہے، نہ جدید فوجی اڈہ، نہ کسی عالمی طاقت کا سفارت خانہ، لیکن ایتھوپیائی روایت کہتی ہے کہ اسی جگہ دنیا کے مقدس ترین اور پراسرار ترین صندوقوں میں سے ایک موجود ہے۔
تابوتِ عہد۔ یہودی روایت میں Ark of the Covenant اور ہماری مذہبی روایت میں تابوتِ سکینہ کے نام سے مشہور۔ یہ وہی صندوق ہے جس کا تعلق حضرت موسیٰؑ کے زمانے سے جوڑا جاتا ہے، جسے بنی اسرائیل کی مذہبی تاریخ میں غیر معمولی تقدس حاصل رہا اور جس کے بارے میں آج تک یہ معلوم نہیں کہ وہ حقیقتاً کہاں ہے۔
مگر ایتھوپیا میں ایک روایت ختم نہیں ہوتی، بلکہ مزید گہری ہو جاتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ تابوت یروشلم سے ایتھوپیا پہنچا۔ ایتھوپیائی روایت کی مشہور کتاب "کِبرا نگست (Kebra Nagast)" کے مطابق ملکۂ سبا کا نام مکیدا (Makeda) تھا۔ وہ یروشلم حضرت سلیمانؑ سے ملنے آئی۔ کچھ عرصہ وہاں رہی۔ روایت کے مطابق حضرت سلیمانؑ نے اس سے شادی کی۔ اس سے ایک بیٹا پیدا ہوا جس کا نام منیلیک اول (Menelik I) یا باینا لحکم بتایا جاتا ہے۔ بعد میں منیلیک جوان ہو کر یروشلم اپنے والد حضرت سلیمانؑ سے ملنے گیا۔
ایتھوپیائی روایت مزید بیان کرتی ہے کہ منیلیک تابوتِ عہد Ark of the Covenant کو یروشلم سے ایتھوپیا لے گیا۔
یہ داستان ایتھوپیائی قومی اور مذہبی روایت کا ایک اہم حصہ ہے۔ "کیبرا نگست" نامی قدیم ایتھوپیائی متن میں سلیمان اور ملکہ سبا کی داستان کو منلیک کی نسبت اور ایتھوپیائی شاہی خاندان کی مذہبی نسبت سے جوڑا جاتا ہے۔ جدید محققین اس متن کی موجودہ شکل کو قرون وسطیٰ کے دور سے منسوب کرتے ہیں، جبکہ ایتھوپیائی مذہبی روایت اسے اس سے کہیں قدیم سلسلے سے جوڑتی ہے۔
اور پھر آتا ہے اکسوم۔ اکسوم کوئی معمولی شہر نہیں۔ UNESCO کے مطابق یہ قدیم اکسومی سلطنت کا مرکز تھا اور یہاں کے آثار پہلی صدی عیسوی سے تیرھویں صدی تک کی تاریخ سے تعلق رکھتے ہیں۔ لیکن تابوت کی روایت اس شہر کو ایک الگ تقدس دیتی ہے۔ چرچ آف مریم آف زیون کے قریب ایک مقدس احاطہ ہے اور ایتھوپیائی روایت کے مطابق تابوت وہیں محفوظ ہے۔ مگر عجیب بات یہ ہے کہ دنیا اس تابوت کو دیکھ نہیں سکتی۔
روایت کے مطابق اس کا ایک محافظ ہوتا ہے۔ وہ محافظ تابوت کی حفاظت کرتا ہے۔ صرف وہ اسے دیکھ سکتا ہے۔........
