Valika Hospital: Mazdooron Ki Sehat Aur Umeed Ki Kiran
ولیکا ہسپتال: مزدوروں کی صحت اور امید کی کرن
ریاستی نظم و نسق کی اصل روح اس وقت نمایاں ہوتی ہے جب حکومتی اقدامات براہِ راست عوامی زندگی میں سہولت، اعتماد اور آسودگی کا احساس پیدا کریں۔ صحت کا شعبہ اس حوالے سے سب سے زیادہ حساس اور اہم سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یہاں فیصلوں کا تعلق صرف انتظامی کارکردگی سے نہیں بلکہ انسانی جانوں سے ہوتا ہے۔ حالیہ دنوں حکومتِ سندھ کے سیکریٹری لیبر ساجد جمال ابڑو کا سندھ سوشل سیکیورٹی کے زیر انتظام کلثوم بائی ولیکا ہسپتال کا تفصیلی دورہ اسی مثبت حکومتی سوچ کی نمائندگی کرتا ہے جس میں خدمتِ خلق کو اولین ترجیح بنایا جا رہا ہے۔ ان کے ہمراہ کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو اور میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر کامران اعوان کی شرکت اس امر کی غماز تھی کہ صحت کے نظام کو انتظامی، طبی اور پالیسی سطح پر یکجا انداز میں مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کسی بھی طبی ادارے کی اصل پہچان اس کی عمارت یا مشینری نہیں بلکہ وہاں کام کرنے والے انسان ہوتے ہیں۔ ولیکا ہسپتال کی سب سے نمایاں خوبی یہی محسوس ہوئی کہ یہاں طبی خدمت محض پیشہ نہیں بلکہ ایک ذمہ داری اور جذبہ بن چکی ہے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل سرجن ڈاکٹر غیاث الدین کی قیادت میں ہسپتال انتظامیہ نے جس نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور انسانی ہمدردی کے امتزاج کے ساتھ ادارے کو فعال رکھا ہوا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ایک بڑے سرکاری ہسپتال کو چوبیس گھنٹے فعال رکھنا، مختلف شعبوں کے درمیان ہم آہنگی قائم رکھنا اور مریضوں کے اعتماد کو برقرار........
