Saza e Maut Aur Sifarti Sawalat
سزائے موت اور سفارتی سوالات
کسی ریاست کی قانونی بالادستی کا حقیقی امتحان محض جرم کی سزا دینے میں نہیں، بلکہ اس امر کو یقینی بنانے میں مضمر ہوتا ہے کہ قانون کا اطلاق منصفانہ، شفاف اور قابلِ احتساب طریقۂ کار کے مطابق ہو۔ جب کسی انسان کی زندگی کا خاتمہ عدالتی فیصلے کے تحت کیا جائے تو اس فیصلے کی قانونی بنیاد، استغاثہ کے شواہد، صفائی کے مواقع اور عدالتی کارروائی کی صحت غیر معمولی اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔ سعودی عرب میں دو بنگلہ دیشی شہریوں کو سزائے موت دیے جانے کا حالیہ واقعہ اسی بنیادی سوال کو بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنا رہا ہے کہ قانون کی حرمت، انصاف کی ضمانتوں اور سفارتی ذمہ داریوں کے درمیان توازن کس طرح برقرار رکھا جائے۔
14 اکتوبر 2026 کو سعودی عرب کے حکام نے مکہ مکرمہ میں بنگلہ دیشی شہری نذرالاسلام عبدالبشیر اور سیتی اختر کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا۔ سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق دونوں کو مسجد کے اندر ایک غیر اخلاقی فعل کے ارتکاب پر قصوروار قرار دیا گیا تھا اور عدالت نے تعزیری اختیار کے تحت سزائے موت سنائی تھی۔ سرکاری بیان میں جرم کی مکمل نوعیت، وقوعے کی تفصیلات اور دونوں کے خلاف پیش کیے گئے شواہد کی وضاحت نہیں کی گئی۔ چنانچہ یہ کہنا کہ انہیں محض بوس و کنار کے باعث سزائے موت دی گئی، دستیاب سرکاری معلومات سے ثابت نہیں ہوتا۔ اسی طرح دونوں کو میاں بیوی قرار دینے کا دعویٰ بھی مصدقہ شواہد کا محتاج ہے۔ ان امتیازات کو نظرانداز کرنا صحافت کو تحقیق کے بجائے قیاس آرائی میں تبدیل کر دیتا ہے۔
اس واقعے کا ایک اہم پہلو بنگلہ دیشی حکومت اور اس کے سفارتی مشن کو سزائے موت پر عمل درآمد سے قبل اطلاع نہ ملنا ہے۔ بنگلہ دیش کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور شمع عبید اسلام کے مطابق ان کی حکومت کو اس واقعے کی تفصیلات بروقت فراہم نہیں کی گئیں۔ ڈھاکا نے سعودی حکام سے وضاحت طلب کی اور عدالتی فیصلوں کی........
