Urdu Zuban, Police Ki Hirasat Mein
اُردو زبان، پولیس کی "حراست" میں
مقامِ ستائش ہے کہ ذہنی مرعوبیت اور لسانی غلامی کے اِس دور میں ہماری پولیس نے اپنے روزنامچوں اور ضمنیوں، میں وہ زبان زندہ رکھی ہے جو ہماری اپنی زبان ہے۔ وہ زبان جو استعمار کی غلامی، کے دور میں بھی ہماری متعدد ریاستوں کے ذہنی طور پر آزاد حکمرانوں نے اپنی سرکاری زبان بنا رکھی تھی۔ یہ وہ زبان ہے جو پاکستان کے تمام علاقوں کے باشندوں یعنی تمام پاکستانی زبانیں بولنے والوں کے مابین رابطے زبان ہے۔ پاکستان ہی کیا، برصغیر کے سبھی باسیوں کے بیچ رابطے کا ذریعہ یہی زبان ہے۔ آزادی کے وقت سے اب تک ہم اسی زبان کو انگریزوں کی زبان کی جگہ اپنے ملک کی سرکاری زبان بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ مگر صرف پولیس کے ہتھے چڑھ کر رہ جانے کے بعد، تھانے سے باہر اب اس زبان کا وہی حشر ہوگیا ہے جو پولیس کی حراست سے باہر آنے پرکسی کا بھی (بالخصوص کوئی بھی پاکستانی زبان بولنے والے کا) پولیس کے ہاتھوں ہوجاتا ہے۔
حضرتِ داغؔ کا دعویٰ تھا کہ "ہندوستاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے"۔ اگر داغؔ زندہ ہوتے تو عالمی سطح پر آج اُردو زبان کی پزیرائی دیکھ کر اس مصرعے میں ضروریہ ترمیم کر لیتے کہ "سارے جہاں میں دھوم ہماری زبان کی ہے"۔ داغؔ کے اِس دعوے کا حوالہ یوں دینا پڑا کہ ہمارے اُردو کُش ذرائع ابلاغ ہرروزیہ دعویٰ کرتے ہیں کہ "داغ تو اچھے ہوتے ہیں"۔
دنیا بھر میں جا بجا بولی جانے والی یہ زبان وطنِ عزیز میں ایسی بے زبان، ہوگئی ہے کہ "چینلوں کے اینکروں" سمیت اس کے ساتھ جو جیسا سلوک کرنا چاہے، کیے جاتا ہے، یہ تو اُف تک نہیں کرتی۔ کیوں کہ اُف، بھی اب متروک ہوگیا ہے۔ بے داغ زبان، کم از کم ذرائع ابلاغ سے تو سننے ہی کو نہیں ملتی۔ وجہ یہی ہے کہ سب چینلوں، نے اتفاقِ باہمی سے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ، داغ تو اچھے ہوتے ہیں۔
برسوں پہلے کی بات ہے، غالباً 1996ء کی۔ ممتاز وکیل جناب اعجاز حسین بٹالوی مرحوم لاہور ہائی کورٹ، راولپنڈی بنچ کے رُوبروایک پولیس آفیسر........
