Tum Mere Pas Hote Ho
ایک تو یہ چھوٹو صفائی کم اور صفایا زیادہ کرتا ہے۔ جانے نا مراد میرا پوائنٹر کہاں رکھ گیا؟
تمہیں کہیں نظر آیا ہے مہرو؟
پتہ ہے پتہ ہے، اب تم پھر سے شروع مت ہو جانا، مجھے تمھارا سارا لیکچر زبانی یاد ہے۔
یہ چھوٹو اب تک کیوں نہیں آیا؟
ارے ہاں! میں بھی کیسا بھلکڑ ہوں۔ کل ہی بتا کر تو گیا تھا کہ آج اسے آنے میں دیر ہوجائے گی۔ آج اس کے بیٹے کا اسکول میں داخلہ ہے۔ ارے بیگم اس بات پر تو چھوٹو کے لیے میٹھا بنتا ہی ہے نا۔
کیا! میرا میٹھا کھانے کا بہانہ!
واللہ بیگم! آپ تو ولی اللہ ہیں، بالکل انتر یامی۔ دل تو میرا واقعی سوجی کی قتلیاں کھانے کے لیے مچل رہا ہے مگر اس چھوٹو نا مراد نے ضرور اپنے لڑکپن میں چھچھوندر مارے ہوں گے کہ اس کے ہاتھوں میں ذائقہ ہی نہیں۔
نہ نہ آپ بیٹھیں سرکار! آج میں بناتا ہوں، شرطیہ ریسپی آپ ہی کی۔ کبھی ہمیں بھی خدمت کا موقع دیجیے مہرما۔ ویسے یہ آپ کی زیادتی ہے کہ ساری عمر تو آپ نے ہمیں شہریار بنا کر سر کا تاج بنائے رکھا۔ اب، جب ہم پوری طرح بگڑ چکے ہیں تو گاہے بگاہے ہمیں نکھٹو ہونے کا طعنہ بھی دیتی ہیں۔
That's not fair pretty woman، my wife، my life۔
مجھے پتہ ہے تم کیوں ہنس رہی ہو!
تمھارا چہیتا شاہ رخ بس اسکرین تک ہی سریلا ہے ورنہ وہ بھی میری ہی طرح بے سرا و بے تالا۔ ویسے میں حیران ہوں کہ شاہ رخ میں ایسے کون سے سرخاب کے پر لگے ہیں کہ صنف نازک کی کثیر تعداد اس پر بری طرح فریفتہ؟ جوانی میں، میں بھی یوسف ثانی ہی ہوا کرتا تھا مگر قسم لے لو جو کسی نے میرے لیے زہر پھانکا ہو۔ جانِ من آپ کو بھی تو راہ پر لانے میں زمانے لگے تھے۔ خیر وہ دور تھا بھی لحاظ اور شرما شرمی کا۔
ارے میرے لڑکپن کا ایک مزے کا قصہ سنو۔ میری ایک دور پرے کی رشتہ دار تھیں، آپا صولت، وہ راجندر کمار، وہی بھئی فلم "میرے محبوب " والا ہیرو، جس فلم کا مشہور گانا ہے " میرے محبوب تجھے میری محبت کی قسم"، کی ایسی ڈائی ہارڈ فین کہ اس کی ہر فلم کا پہلا شو دیکھنا گویا فرض عین۔ اگر کوئی غلطی سے بھی اس ہیرو کی برائی کر دے تو بھائی وہ تو جھاڑ کا کانٹا بن کر اس کی جان کو لجھ جاتی تھیں۔ یقین کرو ان دنوں میری بوریت کا توڑ راجندر کمار تھا۔ اس کی بھد اڑانے پر آپا خوب چیختی چلاتی۔ انہیں منانا آسان یوں کہ میں راجندر کمار ہی کی فلم کے میٹنی شو کی ٹکٹ لا دیتا اور آپا سب کچھ بھول بھال کر پھر سے میری خاطر داریوں میں لگ جاتیں۔ فلم بینی کا جو خبط میں نے ہندوستانیوں میں دیکھا ہے شکر ہے فلموں کا ویسا جنون پاکستانیوں میں نہیں۔ پاکستانی ہیروز، ہماری ہیروئینوں کے مقابلے میں زیادہ خوب رو ہیں۔ کیا خیال ہے آپ کا؟
چلیں آپ بھی باورچی خانے ہی میں آ جائیں۔ مجھے پتہ چینی کے دانے دانے پر نظر رکھے بغیر تو آپ کو چین آئے گا نہیں۔ ہول مت کھائیے جانِ من چینی پر میرا ہاتھ ہولا ہی ہے۔
ارے بیگم کھڑکی تو بند کر دیتیں! دیکھو........
