Rasool Ka Wasi e Barhaq, Apno Mein Ajnabi o Ghareeb (3)
رسول ﷺ کا وصیِ برحقؑ، اپنوں میں اجنبی و غریب (3)
یہ بطخیں آخر کیوں نہ نوحہ کناں ہوتیں؟ اور لوگ ان بطخوں کو چیخنے چلانے سے کیوں روکنے کی کوشش کر رہے تھے؟ علی ابن ابی طالبؑ نے اپنے دیدہ و دل سے ان بطخوں کی طرف کیوں نہ نظر کرتے۔ اس سے پہلے ہزاروں صبحیں آپ پر گزریں لیکن آج کی صبح اپنے اندر وہ راز چھپائے ہوئے تھی جس راز سے دوسری صبحیں خالی تھیں، آج آپ جو کیفیت محسوس کر رہے تھے اس سے پہلے آپ نے کبھی محسوس نہ کی تھی۔ کیا اس مردِ عظیم و بزرگوار کا یہ حق نہ تھا کہ اپنی موت کا مرثیہ بطخوں کی چیخ اور ہواؤں کی کراہ میں سنتا۔
کیا اس مردِ عظیم و بزرگ تر کا یہ حق نہ تھا کہ آفتاب و سایہ کو آج وداع کرے جنہیں پھر دیکھنے کی امید نہ تھی۔ کیا اس مردِ عظیم و بزرگوار کا یہ حق نہ تھا کہ آخری نگاہ ان منازل پر ڈال لے جن میں وہ دوسروں کو غنی بنانے کی خاطر فقر و فاقہ کی زندگی بسر کر تا رہا۔ وہ آپ کی شجاعت و بہادری کے بہت سے نمونے اور آپ کی محیر العقول شخصیت کے بہت سے مظاہر اور آپ کے آلام و مصائب کے گونا گوں مناظر دیکھ چکے تھے جن منازل میں آپ طولِ طویل راتوں میں گریہ کناں رہے اور اپنے آنسوؤں سے انہیں سیراب کرتے رہے۔
اگر دنیا کے رہنے والے حق کا دامن پکڑے ہوئے اور دین وجدان سے متمسک ہوتے تو آپ کو اس دنیا کے روز و شب کو رخصت کرتے ہوئے دکھ نہ ہوتا۔ یہ دنیا مردم خوار بھوت اور پُر فریب دیو ہے اس کے حلال و حرام آپس میں خلط ملط ہیں۔ خود امیر المومنین کا نفس تنگی و آسائش دونوں حالتوں میں یکساں رہا، اگر موت مقدر نہ ہو چکی ہوتی تو آپ کی روح تنِ مبارک میں ایک لمحہ کے لیے بھی سکون و اطمینان سے نہ رہتی۔ آپ کو صدمہ اس کا تھا کہ بدکردار اور غدار انسانوں سے یہ زمین چھلک رہی ہے۔
دنیا ان کی دستِ درازیوں سے نوحہ کناں ہے اور ان کے مظالم سے لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں، عراق و حجاز و شام میں محروم عوام کی زندگی دو بھر ہو رہی ہے۔ منافقین اپنے نفاق کے پھلوں سے پوری طرح بہرہ اندوز ہو رہے ہیں۔ دنیا کا کیا بگڑتا اگر وہ علیؑ کو دو قدم اور اٹھانے کا موقع دیتی اور آپ کچھ چیزوں میں تبدیلی پیدا کر دیتے۔
مگر دنیا کو یہ بات کہاں گوارا کہ چیزوں میں تبدیلی پیدا کی جائے۔
اس روحِ قدسی اور مردِ بزرگ نے محسوس کیا کہ میرے قدم مجھے دور دراز کے سفر پر لے جا رہے ہیں۔ آپ تھوڑی دیر مسجد کے دروازہ پر ٹھہرے ان نوحہ کناں بطخوں کی طرف نظر کی اور ان لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے جو آپ کے پیچھے کھڑے تھے اور کئی مرتبہ یہ فقرہ دہرایا: "انھیں نہ ہٹاؤ یہ نوحہ کرنے والیاں ہیں"۔
علیؑ مسجد میں آئے رب العالمین کے حضور دو زانو ہوئے۔ ابنِ ملجم زہر آلود تلوار ہاتھ میں لیے مسجد میں آیا اور حضرتؑ کے سر پر ایسا وار کیا جس کے متعلق اس کا کہنا تھا کہ اگر یہ وار سارے شہر کے باشندوں پر پڑے تو ایک شخص بھی زندہ نہ بچے۔ خدا کی لعنت ہو ابنِ ملجم پر اور تمام لعنت کرنے والوں کی لعنت ہو۔ دنیا........
