Ramzan Ke Baad Bhi Musalman Rehne Ka Dars
رمضان کے بعد بھی مسلمان رہنے کا درس
رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ جب ہم پر سایہ فگن ہوتا ہے تو مردہ دل جاگ اٹھتے ہیں۔ ہر شہر، ہر گلی، ہر مسجد ایمان کی روشنی سے جگمگا اٹھتی ہے۔ لوگ جوق در جوق مسجدوں کا رخ کرتے ہیں، عبادات میں مشغول ہو جاتے ہیں اور توبہ و استغفار کے لمحات دلوں کو نرم اور آنکھوں کو نم کر دیتے ہیں۔ ہر سمت نور ہی نور ہوتا ہے اور ہر دل میں رب کی محبت موجزن ہوتی ہے۔
رمضان صرف ایک مہینہ نہیں، بلکہ ایک تربیت گاہ ہے، ایک ایسا مدرسہ جہاں صبر، تقویٰ، اخلاص اور عبادت کا عملی سبق دیا جاتا ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جو ہمیں سکھاتا ہے کہ بھوک اور پیاس صرف جسم کی نہیں، بلکہ روح کی بھی ہوتی ہے اور اس روح کی غذا صرف اللہ کی یاد، عبادت اور نیک اعمال ہیں۔
لیکن جیسے ہی رمضان رخصت ہوتا ہے، ہماری زندگیوں میں وہی پرانی غفلت لوٹ آتی ہے۔ مسجدیں ویران ہونے لگتی ہیں، عبادات میں سستی آ جاتی ہے اور ہم دوبارہ دنیا کی رنگینیوں میں کھو جاتے ہیں۔ مؤذن کی آواز اب بھی گونجتی ہے، مگر ہمارے دل ویسے نہیں لرزتے جیسے رمضان میں لرزا کرتے تھے۔
ہم نے رمضان کو نہیں، رمضان نے ہمیں الوداع کہا۔ جب تک دنیا قائم ہے رمضان تو آتا رہے گا، نہ جانے ہم دوبارہ رمضان کو پا سکیں گے یا نہیں۔
یہ ایک حقیقت ہےاور بہت تلخ حقیقت کہ مسلمان صرف رمضان کا نہیں ہوتا۔ سچا مسلمان وہ ہے جو ہر دن، ہر لمحہ، ہر حال میں اپنے رب کا بندہ بن کر رہے۔ نمازیں رمضان کے بعد بھی فرض ہیں، قرآن رمضان کے بعد بھی ہدایت ہے اور نیکی کا راستہ ہمیشہ کے لیے کھلا ہے۔
رمضان ہمیں صرف راستہ دکھاتا ہے، اس پر چلنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اصل امتحان رمضان کے بعد شروع ہوتا ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب ہمارے اعمال کا تسلسل ہماری سچائی کا ثبوت بنتا ہے۔ اگر ہم رمضان کے بعد بھی فجر کی نماز کے لیے اٹھتے ہیں، اگر ہم اپنی زبان کو گناہوں سے بچاتے ہیں، اگر ہم اپنے معاملات میں دیانت داری قائم رکھتے ہیں تب ہی ہم نے رمضان کا حق ادا کیا ہے۔
آج کا انسان بے سکونی، اضطراب اور بے معنویت کا شکار ہے۔ دنیاوی ترقی کے باوجود دلوں میں خلا بڑھتا جا رہا ہے۔ اس خلا کو صرف دولت، شہرت یا آسائشیں نہیں بھر سکتیں۔ اس کا واحد حل اللہ سے مضبوط تعلق ہے۔ وہی تعلق جو رمضان میں ہمیں نصیب ہوتا ہے۔ اگر ہم اس تعلق کو قائم رکھیں تو زندگی کے مسائل بھی آسان ہو جاتے ہیں اور دل کو سکون بھی نصیب ہوتا ہے۔
ہمیں چاہیے کہ رمضان کے بعد بھی کچھ معمولات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں: روزانہ قرآن کی تلاوت، پانچ وقت نماز کی پابندی، صدقہ و خیرات اور ذکرِ الٰہی۔ چھوٹے مگر مستقل اعمال اللہ کو بہت پسند ہیں۔ یہی مستقل مزاجی ہمیں حقیقی کامیابی کی طرف لے جاتی ہے۔
سال کے 365 دن، ہر لمحہ، ہر سانس میں اپنے رب کی رضا کے لیے جینا ہی اصل بندگی ہے۔ سچا مسلمان وہی ہے جو تنہائی میں بھی اللہ سے ڈرتا ہے اور مجمع میں بھی اس کے احکام کی پاسداری کرتا ہے۔ رمضان ہمیں یہی شعور دیتا ہے کہ اللہ ہر وقت ہمیں دیکھ رہا ہے۔
آئیے! ہم عہد کریں کہ رمضان کے بعد بھی اپنی روحانیت کو زندہ رکھیں گے، مسجدوں کو آباد رکھیں گے اور اپنے دلوں کو اللہ کی محبت سے روشن رکھیں گے۔ ہم صرف رمضان کے مسلمان نہیں، بلکہ ہر دن، ہر لمحہ، ہر سانس میں سچے مسلمان بنیں گے۔
