Malakwal Se New York Tak (6)
ملکوال سے نیویارک تک (6)
فیری کے ڈیک پر کھڑے ہوئے میرے ذہن میں ایک خیال آیا کہ دریائے ہڈسن ماضی میں کبھی صرف تفریح کا ذریعہ نہیں رہا۔ انیسویں صدی میں دریائے ہڈسن اور دریائے ایسٹ کے درمیان چلنے والی فیریز، مین ہیٹن تک رسائی کا ایک بنیادی ذریعہ تھیں۔ اس زمانے میں یہ کشتیاں لوگوں کو ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک پہنچانے کے لیے شہر کی روزمرہ زندگی کا اہم حصہ تھیں۔ بعد میں جب پلوں اور سرنگوں کا جال پھیلنے لگا تو فیری ٹرانسپورٹ کا کردار نسبتاً کم ہوا، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ پانی کے راستوں نے ایک مرتبہ پھر اپنی اہمیت حاصل کی۔
میں نیویارک کے دریائے ہڈسن میں فیری میں کھڑا ٹھنڈی ہوا کو اپنے چہرے سے ٹکراتا محسوس کر رہا تھا۔ کبھی سامنے پھیلے پانی کو دیکھتا، کبھی مین ہیٹن کی بلند عمارتوں کو، کبھی دور جاتے ہوئے کسی دوسرے جہاز یا کشتی کو اور کبھی اپنے ساتھ سفر کرنے والے سیاحوں کے چہروں پر پھیلی خوشی اور حیرت کو۔ اس لمحے مجھے محسوس ہوا جیسے شہر کی تیز رفتار زندگی چند لمحوں کے لیے میرے پیچھے رہ گئی ہو۔ ساتھ ساتھ احسن مجھے نیویارک اور نیو جرسی کی عمارتیں دکھا رہا تھا اور ساتھ ساتھ ان عمارتوں سے جڑی تاریخ۔
نیویارک کو دیکھ کر میرے ذہن میں خیال آ رہا تھا کہ یہ وہی شہر ہے جو زمین پر ہر وقت دوڑتا ہوا محسوس ہوتا ہے، سڑکوں پر گاڑیوں کا ہجوم، فٹ پاتھوں پر تیزی سے چلتے لوگ، بلند عمارتوں کے درمیان بھاگتی ہوئی زندگی اور ہر طرف ایک عجیب سی جلدی۔ لیکن دریائے ہڈسن پر آ کر یہی شہر جیسے اپنی رفتار بھول گیا تھا۔ پانی کی لہریں پرسکون تھیں، ہوا نرم تھی اور شہر ہماری نظروں کے سامنے خاموشی سے کھڑا تھا۔ شاید سفر کی سب سے خوبصورت بات بھی یہی ہے کہ ایک ہی شہر مختلف زاویوں سے بالکل مختلف دکھائی دیتا ہے۔
ٹائمز اسکوائر میں یہی نیو یارک روشنیوں کا شہر تھا، ایک ایسا شہر جہاں رات بھی دن کی طرح روشن دکھائی دیتی ہے۔ لیکن یہاں دریائے ہڈسن پر مجھے یہی نیویارک قدرت، تاریخ، انسان اور جدید تہذیب کے حسین امتزاج کی صورت میں نظر آ رہا تھا۔ اسی دوران میری نظر دور ایک چھوٹے سے جزیرے کی طرف اٹھی۔ وہاں دنیا کی آزادی کی علامت، مجسمۂ آزادی کھڑا تھا۔ یہ وہی مجسمۂ آزادی تھا جسے میں نے برسوں تصویروں، کتابوں، سفری ویڈیوز اور ٹیلی ویژن کی اسکرینوں پر دیکھا تھا۔ لیکن تصویر میں دیکھنے اور اپنی آنکھوں سے دیکھنے میں جو فرق ہوتا ہے، اسے الفاظ میں بیان کرنا آسان نہیں۔ دور سے دکھائی دینے والا وہ مجسمہ بھی میرے لیے اس وقت کسی خواب کی تعبیر سے کم نہ تھا۔ میں دیر تک اسے دیکھتا رہا۔
میرے ذہن میں ایک خیال آیا کہ انسان پہلے خواب دیکھتا ہے، پھر ان خوابوں کو تصویروں میں محفوظ کرتا ہے اور کبھی کبھی زندگی اسے موقع دیتی ہے کہ وہ انہی تصویروں کے اندر خود جا کر کھڑا ہو جائے۔ شاید میرا نیو یارک کا یہ سفر بھی ایسے ہی کسی خواب کی تعبیر تھا۔ فیری نے مین ہیٹن کے گرد تقریباً یو (U) شکل میں چکر لگایا اور پھر اسی راستے سے واپسی کا سفر شروع کر دیا۔ اب منظر بدل چکا تھا۔ سورج غروب ہو چکا تھا اور نیو یارک کی عمارتوں میں ایک ایک کرکے روشنیاں جلنے لگی تھیں۔ واپسی کے سفر میں نیو یارک بالکل ایک مختلف شہر دکھائی دے رہا تھا۔ وہی بلند عمارتیں جو کچھ دیر پہلے سورج کی روشنی میں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں، اب مصنوعی روشنیوں میں جگمگا رہی تھیں۔ ہڈسن کا پانی ان روشنیوں کے عکس کو اپنی لہروں پر سمیٹ رہا تھا۔ کبھی کوئی روشن عمارت پانی میں ٹوٹ کر بکھر جاتی اور کبھی........
