Nawaz Sharif Ki Siasat Mein Entry
نواز شریف کی سیاست میں انٹری
لارنس گارڈن کے کرکٹ گرائونڈ میں میچ چل رہا تھا، سرخ و سپید نوجوان بیٹنگ کر رہا تھا، اچانک گیٹ سے نیلی بتی والی سرکاری گاڑی اندر داخل ہوئی، وہ کرکٹ گرائونڈ کے قریب پہنچ کر رکی، اس میں سے نوجوان اسسٹنٹ کمشنر اترا اور سیدھا ٹیم کے کپتان کے پاس گیا اور اس سے کچھ پوچھا، کپتان نے بیٹنگ کرتے نوجوان کی طرف اشارہ کر دیا، اسسٹنٹ کمشنر نوجوان کی طرف آیا، اشارے سے بائولنگ کراتے کھلاڑی کو روکا، بیٹنگ کرتے نوجوان کے کان میں کچھ کہا، اسے ساتھ لیا، سرکاری گاڑی میں بٹھایا اور لے کرچلا گیا، میچ کھیلتے کھلاڑی حیرت سے یہ منظر دیکھتے رہ گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر بیٹس مین کو ڈپٹی کمشنر کے پاس لے گیا، ڈپٹی کمشنر کا کولونیل سٹائل کا بڑا سا دفتر تھا، دروازے پر دربان اور درجنوں سائل کھڑے تھے، ڈی سی کے دبدبے نے کھلاڑی کی پریشانی میں اضافہ کر دیا اور اس کے ماتھے پر ہلکا سا پسینہ آ گیا، ڈی سی نے اے سی کو جانے کا اشارہ کیا اور نوجوان کھلاڑی سے پوچھا "کیا آپ گورنر صاحب کو جانتے ہیں؟" نوجوان نے فوراً انکار میں سر ہلا دیا، ڈی سی نے پوچھا "آپ نے کوئی خلاف قانون حرکت تو نہیں کی؟" نوجوان نے پریشانی کے عالم میں جواب دیا "ہرگز نہیں، میں صرف فیکٹری، گھر اور گرائونڈ جاتا ہوں"۔
ڈی سی نے لمبی سی "ہوں" کی اور اسے بتایا "آپ کو گورنر صاحب نے طلب کیا ہے، آپ ابھی میرے ساتھ گورنر ہائوس جا رہے ہیں" نوجوان نے اپنی سپورٹس کٹ کی طرف دیکھا اور گھبرا کر کہا "سر اگر آپ اجازت دیں تو میں کپڑے بدل لوں، میرے کپڑے گاڑی میں پڑے ہیں، مجھے پانچ منٹ لگیں گے" ڈی سی نے انکار میں سر ہلا دیا، اس کا کہنا تھا ہمارے پاس وقت نہیں ہے، گورنر نے آپ کو فوری طور پر جیسے ہیں کی شکل میں بلایا ہے، نوجوان مزید پریشان ہوگیا، بہرحال قصہ مختصر ڈی سی نے نوجوان کھلاڑی کو بیٹ سمیت کٹ میں اپنی گاڑی میں بٹھایا اور سیدھا گورنر ہائوس پہنچ گیا۔
گورنر صاحب اس وقت لان میں چہل قدمی کر رہے تھے، انہوں نے نوجوان کو دیکھ کر قہقہہ لگایا اور کہا "ڈی سی صاحب آپ اسے کٹ میں ہی اٹھا کر لے آئے" ڈپٹی کمشنر نے ادب سے عرض کیا "سر آپ نے فرمایا تھا جہاں ہے جیسا ہے فوراً لے آئو، یہ ہمیں کرکٹ کھیلتے ہوئے ملے اور ہم انہیں اسی صورت میں لے آئے" گورنر صاحب نے قہقہہ لگایا اور دونوں کو واک میں شریک کر لیا۔
گورنر صاحب نے چہل قدمی کرتے ہوئے نوجوان سے پوچھا "آپ بیٹنگ کرتے ہیں یا بولنگ" نوجوان نے جواب دیا "میں بیٹس مین ہوں" اگلا سوال تھا، آپ کس لیول تک کھیلے ہیں، جواب تھا زمبابوے کے ساتھ انٹر نیشنل لیول تک، اگلا سوال تھا کتنا سکور کیا تھا؟ نوجوان نے ہلکی آواز میں جواب دیا "سر ایمپائر نے غلط آئوٹ دے دیا تھا" گورنر صاحب نے پوچھا لیکن آپ کا سکور کتنا تھا، نوجوان نے جواب دیا "سر ایمپائر بے ایمان نکلا" گورنر نے تیسری بار پوچھا "میں سکور پوچھ رہا ہوں" نوجوان........
