8 Bajay Tak
میرا جم میرے گھر سے پانچ منٹ کی دوری پر ہے، میں گاڑی پر جائوں تو تین چار منٹ میں پہنچ جاتا ہوں اور اگر پیدل نکلوں تو زیادہ سے زیادہ دس منٹ لگتے ہیں، میں عموماً ڈیڑھ گھنٹہ جم میں گزارتا تھا، بیس سے تیس منٹ کارڈیو اور باقی گھنٹہ مسلز ایکسرسائز کرتا تھا، یہ میرا طویل عرصہ سے معمول تھا، میں سردیوں میں عموماً دن کے وقت ایکسرسائز کرتا ہوں جب کہ گرمیوں میں شام یا رات کے وقت، رمضان میں یہ معمول افطاری کے بعد شفٹ ہو جاتا ہے۔
اپریل کے مہینے میں جب تیل کا بحران پیدا ہوا تو حکومت نے تمام مارکیٹس، بازار، ریستوران اور جم آٹھ بجے بند کرنا شروع کر دیے، میں نے پہلی مرتبہ اسلام آباد میں حکومت کے کسی فیصلے پر عمل درآمد ہوتے دیکھا، حکومتی اہلکار آٹھ بجے سے پہلے مارکیٹوں، ریستورانوں اور جم میں پہنچ جاتے تھے اور آٹھ بجنے سے پانچ منٹ پہلے دروازے بند کرا دیتے تھے، میرا جم بھی ٹھیک آٹھ بجے بند ہو جاتا تھا، میں شام ساڑھے چھ سے سات بجے تک "وی لاگ" کرتا ہوں، میں وی لاگ کے فواً بعد جم کے لیے بھاگ کھڑا ہوتا تھا، سٹوڈیو سے نکلنے، کپڑے تبدیل کرنے اور جم میں داخل ہوتے ہوتے سات بج کر 20 منٹ ہو جاتے تھے یوں میرے پاس صرف 40 منٹ بچتے تھے، یہ معمول پندرہ بیس دن رہا۔
میں نے ان پندرہ بیس دنوں میں چند دل چسپ چیزیں "آبزرو" کیں مثلاً میں اس فیصلے سے قبل آہستہ آہستہ جم جاتا تھا، ڈرائیور نہیں ملتا تھا تو پیدل چلا جاتا تھا، ریسیپشن پر بھی علیک سلیک میں دو چار منٹ ضائع کر دیتا تھا، جم میں پانچ منٹ مشینوں کا جائزہ لیتا رہتا تھا، لوگوں سے گپ شپ کرتا تھا اور بعض اوقات رش کی وجہ سے کسی نہ کسی سے منہ ماری بھی ہو جاتی تھی لیکن آٹھ بجے کے فیصلے کے بعد صورت حال بدل گئی، میرے سٹوڈیو سے نکلنے سے قبل ڈرائیور گاڑی سمیت تیار کھڑا ہوتا تھا، میں جم کے کپڑے پہن کر وی لاگ کرتا تھا تاکہ کپڑے بدلنے میں وقت ضائع نہ ہو، جم پہنچ کر اگر لفٹ نہیں ملتی تھی تو دوڑ کر سیڑھیاں چڑھ جاتا تھا، جو بھی مشین ملتی تھی میں سیدھا اس پر ایکسرسائز شروع کر دیتا تھا، علیک سلیک بھی صرف اشاروں تک محدود ہوگئی اور اگر ویٹ یا مشینیں بزی ہوتی تھیں تو میں دوسروں سے درخواست کرکے ان کے ساتھ شیئر کر لیتا تھا، اگر دوسروں کو وزن یا مشین درکار ہوتی تھی تو میں انہیں بھی خوش دلی سے ایکسرسائز کی دعوت دے دیتا تھا۔
جم کے لڑکے سات بج کر پچاس منٹ پر لائیٹس بند کرنا شروع کر دیتے تھے لیکن میں مائینڈ کیے بغیر دس منٹ اندھیرے میں........
