Aap Ka Kirdar, Hamari Sab Se Bari Kamiyabi
آپ کا کردار، ہماری سب سے بڑی کامیابی
یومِ اساتذہ محض ایک دن نہیں بلکہ اس عظیم رشتے کو یاد کرنے کا موقع ہے جس کی بنیاد علم، تربیت، اعتماد اور محبت پر قائم ہے۔ استاد اور شاگرد کا تعلق دنیا کے ان خوب صورت رشتوں میں سے ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ختم نہیں ہوتا بلکہ یادوں، دعاؤں اور کردار کی صورت میں زندگی بھر ساتھ رہتا ہے۔ استاد اپنے شاگرد کو صرف کتاب کے صفحات نہیں پڑھاتا، وہ اسے زندگی کے معنی سمجھانے کی کوشش کرتا ہے۔ وہ اسے بتاتا ہے کہ علم صرف امتحان میں اچھے نمبر حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ اپنے اندر سوچنے، سمجھنے، سوال کرنے، برداشت کرنے اور درست فیصلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے کا نام ہے۔
آج یومِ اساتذہ کے موقع پر میں آپ سے کسی سبق، کسی امتحان یا کسی نصاب کی بات نہیں کرنا چاہتی۔ آج میں آپ سے زندگی کی بات کرنا چاہتی ہوں۔ اس زندگی کی جس کا ایک طویل سفر ابھی آپ کے سامنے ہے۔ آپ میں سے ہر ایک کے ہاتھ میں ایک ایسی کتاب ہے جس کے صفحات ابھی سفید ہیں۔ ان صفحات پر کیا لکھا جائے گا، اس کا فیصلہ صرف حالات نہیں کریں گے بلکہ آپ کی محنت، آپ کا کردار، آپ کی ترجیحات اور آپ کے فیصلے کریں گے۔
یاد رکھیے، تعلیم انسان کو صرف روزگار کے قابل نہیں بناتی بلکہ اسے انسان بناتی ہے۔ ڈگریاں آپ کو کسی ادارے کے دروازے تک پہنچا سکتی ہیں، لیکن آپ کا کردار آپ کو لوگوں کے دلوں تک پہنچائے گا۔ علم آپ کو بولنے کا ہنر دے سکتا ہے، مگر اخلاق آپ کو اس قابل بنائے گا کہ لوگ آپ کی بات سننا چاہیں۔ ذہانت آپ کو کامیابی کا راستہ دکھا سکتی ہے، لیکن دیانت داری اس راستے پر آپ کے قدم مضبوط رکھے گی۔
اس لیے میری پہلی خواہش یہ ہے کہ آپ بڑے خواب دیکھیں، مگر اپنے خوابوں کی بنیاد مضبوط کردار پر رکھیں۔
دنیا آپ کو کامیابی کی بہت سی تعریفیں سنائے گی۔ کوئی دولت کو کامیابی کہے گا، کوئی شہرت کو، کوئی اقتدار کو اور کوئی بلند عہدے کو۔ مگر میری نظر میں کامیابی کا سب سے خوب صورت مفہوم یہ ہے کہ انسان اپنے علم اور صلاحیت کو دوسروں کے لیے فائدہ مند بنا دے۔ اگر آپ کی تعلیم کسی کمزور انسان کے لیے سہارا بن جائے، کسی پریشان دل کے لیے امید بن جائے، کسی جہالت زدہ ذہن میں روشنی پیدا کر دے اور کسی ضرورت مند کے لیے آسانی کا سبب بن جائے تو سمجھ لیجیے آپ کی تعلیم نے اپنا مقصد پا لیا۔
زندگی ہمیشہ آپ کی خواہش کے مطابق نہیں چلے گی۔ کبھی راستے آسان ہوں گے اور کبھی قدم قدم پر رکاوٹیں آپ کا امتحان........
