ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی
کراچی اور حیدرآباد میں پریم نگر دی لینڈ آف لوَ کے زیراہتمام کامیاب میوزیکل چیئرٹی پروگرامز کے انعقاد کے بعد وفاقی دارالحکومت میں ایک بڑے چیئرٹی ایونٹ کا خواب دیکھنا آسان تھا، اسے حقیقت میں بدلنا مشکل، اور پھر ایک رات قبل اسٹیج زمین بوس ہونے کے بعد دوبارہ کھڑا کرنا ناممکن تھا، لیکن آج جب میں پیچھے مڑ کربارہ ستمبر کے اسپورٹس کمپلکس میں منعقدہ چیئرٹی اسپورٹس اور میوزیکل شو کے ولولہ انگیز سفر کا جائزہ لیتا ہوں تو مجھے ایک طرف اسلام آباد کے وہ مخلص دردمندفرشتہ صفت انسان نظر آتے ہیں جنہوں نے بے سہارا خصوصی بچوں کے چہروں پر مسکان لانے کی خاطرپریم نگر کا انسانی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے میں میرا بھرپور ساتھ دیا تو دوسری طرف بدقسمتی سے میرا واسطہ شہر اقتدار کی ایسی طاقتوربااثر اشرافیہ سے بھی پڑا جنہوں نے مفت انٹری پاس اور پروٹوکول نہ ملنے کی بناء پر خصوصی بچوں کے اس پروگرام کو سبوتاژ کرنے کیلئے ہر موڑ پر روڑے اٹکائے اور پریم نگر کے پیار بھرے سفر کو ناکام بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ میری خواہش تھی کہ اسلام آباد میں ایک ایسا منفرد تاریخی ایونٹ منعقد کیا جائے جس میں کھیل، موسیقی، ثقافت اور انسانیت ایک ساتھ نظر آئیں، اگر شدید طوفان کے باعث تقریب سے ایک رات پہلے ہمارا عظیم الشان بلند وبالا اسٹیج نہ گرتا تو مجھے یقین تھا کہ یہ اسلام آباد کی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ قائم کرتا، لیکن میں نےاوپر والےکے فیصلے کے سامنے سر جھکایا اورمشکل کی اس کٹھن گھڑی میں بھی اپنی ثابت قدمی سے سرخرو رہا۔ میری نظر میں اِس پروگرام کی اصل کامیابی اسٹیج کا سائز، حاضرین کی تعداد یا موسیقی کی محفل نہیں تھی بلکہ میرے لئے یہ لمحات نہایت خوشی کا باعث تھے جب اسلام آباد کے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والےخصوصی بچے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں جمع ہوئے،انہوں نے کھیلوں میں حصہ لیا، دوڑے، جیتے، ہارے اور اپنی خوشی کا اظہار کیا،میں وہ لمحہ کبھی نہیں بھول سکتا جب وہ قطار بناکر اختتامی مرحلے کی جانب بڑھے توانکے بہترین نظم و ضبط کے مظاہرے نے ہر ایک کو تالیاں بجانے پر مجبور کردیا، انکی آنکھوں میں چمک اور چہروں پر مسکراہٹ میرے لیے کسی بھی بڑے ریکارڈ سے زیادہ قیمتی تھی،میں اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف اسپیشل ایجوکیشن اسلام آباد کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، جس نے اس فلاحی مقصد کو کھلے دل سے سپورٹ کیا اور مختلف اداروں سے خصوصی بچوں کی شرکت کو یقینی بنانے میں میرے ساتھ تعاون کیا۔اسی طرح میں چیئرمین سی ڈی اے کا بھی خصوصی طور پر شکر گزار ہوں، جب میں نے انہیں پریم نگر اور خصوصی بچوں کے عظیم مشن کے بارے میں بریف کیا تو انہوں نے فوری طور پر تعاون کا فیصلہ کیا ،اسی طرح چیئرمین پی ٹی اے، اسلام آباد ڈسٹرکٹ انتظامیہ، پولیس، سیاسی وعسکری لیڈرشپ سمیت دیگر اداروں اور مخیر شخصیات نے بھی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی، چیئرٹی شو کے سفر سے فقط کچھ دن قبل ایک ایسا نازک مرحلہ بھی آیا جب کچھ افرادفلاحی پروگرام کو سپوتاژ کرنے کیلئے متحرک ہوگئے اور ایسا محسوس ہونے لگا کہ اب یہ پروگرام کبھی منعقد نہیں ہوسکے گا، ایسے موقع پرانسانیت کا درد رکھنے والے کچھ ایسے لوگ آگے بڑھے جنہوں نے میرے ساتھ قدم سے قدم ملا کر اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے پس پردہ اپنا بہترین کردار ادا کیا،ایسی عظیم بلند کردار شخصیات نے اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ آج بھی ہمارے درمیان ایسے لوگ موجود ہیں جنکی وجہ سے اوپر والے کی برکت ہمارے پیارے وطن پر قائم ہے۔ اسلام آباد کو اسٹیٹس اور........
