Mulazmat Zaroor Kijye Magar Jaal Mein Mat Phansiye
ملازمت ضرور کیجیے مگر جال میں مت پھنسئے
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایسے ملازمتی اشتہارات سے بھرے پڑے ہیں جن میں لکھا جاتا ہے کہ اگر آپ پراعتماد ہیں، گریجویٹ ہے، آن لائن کام کی شد بد رکھتے ہیں اور انگریزی پر بھی عبور ہے تو پھر دیر کس بات کی۔ ابھی آن لائن فارم بھرئیے، ایک شاندار تنخواہ اور سنہرا مستقبل آپ کا منتظر ہے۔ ویزہ کا حصول اور فلائٹ ہمارے ذمے۔
اگر میں اور آپ عرصے سے روزگار کی تلاش میں جوتیاں چٹخا چٹخا کر مایوس ہو چکے ہیں، آس پاس کے لوگوں اور رشتے داروں کے طعنے سہہ سہہ کر پک چکے ہیں یا لمبے عرصے سے ایسی کسی جاب کی تلاش میں ہیں جو آپ کے خیال میں آپ کی قابلیت و صلاحیت کے ہم پلہ ہو تو بہت زیادہ امکان ہے کہ آپ ایسی کسی بھی آن لائن روزگاری پیش کش پر یہ جانے بغیر لپک لیں گے کہ یہ واقعی جینوئن آفر ہے یا پھر ایسا جال ہے جس میں پھنس کر آپ انسانی اسمگلروں اور آپ کی صلاحیتوں کے خون پر خود کو پالنے والے کسی جرائم پیشہ گروہ کے ہتھے بھی چڑھ سکتے ہیں۔
عین ممکن ہے کہ جس ملازمت کے سحر میں آپ خود کو جکڑ چکے ہیں اس کا وجود ہی نہ ہو۔ جب آپ بتائی گئی منزل پر اتریں تو آپ سے پاسپورٹ لے لیا جائے۔ آپ کو ایک ایسے کمپاؤنڈ میں لے جایا جائے جہاں آپ کو کسی آن لائن فراڈ نظام کا ایک کل پرزہ بنا دیا جائے۔ سخت پہرے کے سبب آپ بھاگنے کا سوچ بھی نہ سکیں اور کوشش کرتے ہوئے پکڑے جائیں تو شدید تشدد کا نشانہ بنیں۔
وہاں آپ کا کام بس یہ ہوگا کہ چکنی چپڑی باتوں، غلط بیانی اور دھوکہ دہی سے کام لیتے ہوئے ہزاروں میل دور بیٹھے سادہ لوح اجنبیوں سے دوستی گانٹھیں، ضرورت پڑے تو........
