Great Game (5)
میں اس سوال کی طرف آؤں گا لیکن اس سے قبل ایک حقیقت گوش گزار کرنا چاہتا ہوں، دنیا میں اس وقت دو جنتیں اور دو معاشی طاقتیں ہیں، معاشی طاقتیں امریکا اور چین ہیں جب کہ جنتیں سوئٹزرلینڈ اور نیوزی لینڈ ہیں، یہ چاروں معاشی اور سماجی سپر پاورز ہیں اور ان کے اس کمال کی وجہ جنگوں سے دوری ہے، سوئٹزر لینڈ نے آخری بار 1793ء میں نپولین کے ساتھ جنگ لڑی تھی، نپولین نے انہیں فتح بھی کر لیا تھا لیکن سوئٹزرلینڈ نے نپولین کے زوال کے ساتھ ہی 1815ء میں فیصلہ کیا ہم آئندہ دنیا کے کسی تنازعے اور جنگ میں شریک نہیں ہوں گے، ہم نیوٹرل رہیں گے چناں چہ آج دو سو گیارہ سال گزرنے کے باوجود سوئٹزرلینڈ کسی عالمی تنازع میں شامل ہوا اور نہ کوئی جنگ لڑی، یہ جنگ عظیم اول اور دوم میں بھی نیوٹرل رہا شاید یہی وجہ ہے سوئٹزرلینڈ میں اڑھائی سو سال پرانے سکول اور کالجز ہیں اور عالمی جنگوں کے دوران بھی متحارب ملکوں کے سربراہوں اور ارب پتیوں کے بچے ان سکولوں میں پڑھتے رہے، آج بھی دنیا کا سب سے مہنگا سکول سوئٹزرلینڈ میں ہے، اس کے دو کیمپس ہیں اور ایک بچے کی سالانہ فیس پانچ کروڑ روپے ہوتی ہے، دنیا کے سب سے محفوظ بینک بھی اسی ملک میں ہیں اور لیگ آف نیشنز اور اقوام متحدہ کے زیادہ تر دفاتر بھی سوئٹزرلینڈ میں ہیں۔
نیوزی لینڈ بھی جنگوں سے پاک ملک ہے، اس میں آخری جنگ 1845ء سے 1872ء کے درمیان لڑی گئی، یہ برطانوی فوجیوں اور موری قبائل کے درمیان جھڑپیں تھیں، اس کے بعد 1916ء میں ہلکی پھلکی جھڑپیں ہوئیں، اس کے بعد 1979ء میں آک لینڈ یونیورسٹی میں ہاکا پارٹی کا واقعہ پیش آیا، یہ چھوٹی سی لڑائی تھی جو صرف تین منٹ جاری رہی اور اسے "دی تھری منٹ وار" کہا جاتا ہے چناں چہ نیوزی لینڈ بھی زمین پر جنت کی حیثیت رکھتا ہے، آپ کبھی سوئٹزرلینڈ اور نیوزی لینڈ جا کر دیکھیں آپ جوں جوں بڑے شہروں سے نکلتے اور دیہات کی طرف بڑھتے جائیں گے آپ خود کو جنت میں محسوس کرتے جائیں گے اور اس کا سارا کریڈٹ جنگوں سے پرہیز کو جاتا ہے، یہ دونوں ملک اگر آج کسی تنازع یا جنگ میں شریک ہو جائیں تو ان کی جنت کو جہنم بنتے دیر نہیں لگے گی۔
چین اور امریکا بھی اس لیے سپرپاور ہیں کہ دونوں نے دوسری جنگ عظیم کے بعدکسی جنگ کو اپنے ملک میں داخل نہیں ہونے دیا، چین اس معاملے میں امریکا سے بھی آگے ہے، یہ کسی تنازع میں بھی نہیں پڑا، اس نے اپنی سرحدوں سے نکل کر کسی ملک پر حملہ نہیں کیا، امریکا میں نائین الیون کا واقعہ پیش آیا لیکن آپ اس کا کمال دیکھیے، اس نے اس کے بعد اس نوعیت کا کوئی دوسرا واقعہ نہیں ہونے دیا لہٰذا جس دن جنگ امریکا یا چین کے اندر داخل ہو جائے گی اس دن یہ دونوں ملک معاشی........
