Waqt Kabhi Nahi Rukta
اگلے روز عین وقت میں تیار ہو کر ہوسٹل سے نکلا، کل کے مقابلے کا جوش بھی تھا اور جسم میں درد کی وہ یادگار کیفیت بھی، مگر دل نے فیصلہ کر لیا تھا کہ میدان خالی نہیں چھوڑنا، بس اسٹاپ پر اوکسانہ نظر آ گئی، اس نے مجھے دیکھا تو دستانے اتارے اور ہاتھ ملانے کے لیے آگے بڑھا دیے، سردی میں اس کے چھوٹے چھوٹے نرم و ملائم ہاتھ ایسے لگ رہے تھے جیسے برفانی موسم نے خود دو گرم پھول ہاتھ میں تھما دیے ہوں، زیادہ وقت ضائع کیے بغیر پھر وہی میدان سج گیا، برفیلی زمین پر لکیریں کھینچی گئیں، پوزیشنیں سنبھالی گئیں اور مقابلہ شروع ہوگیا، آج میں کل کے مقابلے کی نسبت خاصا بہتر کھیل رہا تھا، شاید جسم نے بھی رات بھر کی ٹکوروں کے بعد مجھ پر رحم کیا تھا، دو مرتبہ ضرور گرا، مگر اب گرنے کا انداز بھی قدرے پُراعتماد تھا، کل تو زمین پر گرتے ہی "یا اللہ" نکل جاتا تھا، آج کم از کم اردگرد دیکھنے کی فرصت مل جاتی تھی کہ کوئی دیکھ تو نہیں رہا، مگر اوکسانہ عام کھلاڑی نام نہیں تھی، ہر راؤنڈ میں اس کی برتری قائم رہی۔
ایک راؤنڈ میں اچانک وہ نہایت بری طرح پھسل کر گری، اس مرتبہ معاملہ سنجیدہ معلوم ہوا، وہ برف پر لیٹی رہی اور اٹھنے کی کوشش نہیں کی، میں اس کے قریب گیا، کچھ دیر کھڑا اسے دیکھتا رہا، پھر اپنی پرانی شرارتی طبیعت پر قابو نہ رکھ سکا: "کیا ہوا؟ ہار گئی ہو؟" مگر اس نے جواب دینے کی بجائے خاموشی سے اپنا ہاتھ میری طرف بڑھا دیا، میں نے ہاتھ پکڑا، سہارا دیا اور اسے اٹھا کر کھڑا کیا، وہ کچھ دیر اپنے آپ کو سنبھالتی رہی، پھر بولی: "آج کے لیے اتنا کافی ہے"۔ لہجہ سپاٹ تھا، غالباً چوٹ کچھ زیادہ لگ گئی تھی، اس لیے مقابلہ وہیں ختم کر دیا گیا اور ویسے بھی، دس راؤنڈ ہارنے والے کھلاڑی کو ایک آدھ راؤنڈ جیتنے کا موقع مل بھی جاتا تو آخر میں کریڈٹ تو اوکسانہ ہی لے جاتی، اسے سہارا دے کر بس اسٹاپ تک پہنچایا، وہاں پہنچ کر پوچھا: "چائے یا کافی؟" وہ گودی میں ہاتھ رکھے خاموشی سے بیٹھی رہی، پھر نفی........
