Jang Bandi Ya Naka Bandi, Kya Chalay Ga?
جنگ بندی یا ناکہ بندی، کیا چلے گا؟
اب ناکہ بندی چلے گی یا جنگ بندی قائم رہے گی؟ کیا امریکی نائب صدر کے مذاکرات چھوڑ کر چلے جانے کا مطلب ہے دوبارہ جنگ چھڑ جائے گی؟ نہیں ایسا نہیں ہوگا۔ مذاکرات معطل ہوئے ہیں ناکام نہیں ہوئے۔ پل قائم ہے اور ثالث پھر سے متحرک ہوچکے ہیں۔ اب کچھ اور ملک بھی ثالثوں کا ہاتھ بٹائیں گے۔ قرائن اور فریقین کے بیان اس بات کی واضح نشاندہی کرتے ہیں کہ اب جنگ نہیں ہوگی اور ایران اور عرب ممالک نشانہ نہیں بنیں گے۔
اس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ قرضوں میں جکڑے ہوئے، سنگین قسم کے مسائل میں پھنسے ہوئے اور اندر کے غدّاروں اور بدخواہوں میں گھرے ہوئے پاکستان نے نہ صرف اس خطّے کو بلکہ پوری دنیا کو ایک ہولناک جنگ کی تباہ کاریوں سے بچا کر ایسا کارنامہ سرانجام دیا ہے جس کی دنیا کے کونے کونے میں تعریف و تحسین کی جارہی ہے اور جو تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ جگمگاتا رہے گا۔
ذرا وہ لمحے یاد کریں جب دنیا کا طاقتور ترین شخص ایک ایسے ملک کو پتھر کے زمانے میں دھکیلنے اور انفراسٹرکچر تباہ کرنے کی دھمکیاں دے رہا تھا جس کی ساری سیاسی اور عسکری قیادت کو وہ شہید کرچکا تھا، جس کے پاس اپنی فضائیہ نہیں تھی اور بحری فوج کا بڑا حصّہ تباہ ہوچکا تھا اور اب طاقتور حملہ آور نے جس ملک کے پل، اسپتال، یونیورسٹیاں اور پاورسٹیشن تباہ کرنے شروع کردیے تھے۔ جواباً کمزور ملک نے بھی اپنے وسائل جنگ میں جھونک دیے تھے جس کے نتیجے میں جنگ کے شعلے پورے مڈل ایسٹ کو اپنی لپیٹ میں لے چکے تھے۔ آبنائے ھرمز بند کردی گئی تھی جس کے نتیجے میں تیل اور گیس کا شدید بحران پیدا ہوچکا تھا۔
امریکی صدر کے بیانات اور حملوں نے اور اسرائیل کے خطرناک عزائم نے اس کرۂ ارض کو تیسری عالمی جنگ کے کنارے پر پہنچا دیا تھا، یہی نظر آتا تھا کہ چند دنوں میں بڑے ممالک بھی اس جنگ میں براہِ راست ملوّث ہوجائیں گے۔ ان خطرناک ترین لمحات میں ایک ملک نے خاموش تماشائی بننا گوارہ نہ کیا، اس کی سیاسی اور عسکری قیادت نے فوری طورپر دونوں متحارب فریقوں سے رابطہ قائم کیا،........
