Cognitive Manipulation
کسی پہاڑی پر جنگلی مرغیاں رہتی تھیں، وہ تعداد میں زیادہ تھیں اور ان میں اتحاد بھی تھا، وہاں ایک نیولہ بھی رہتا تھا، وہ مرغیوں کو روز دیکھتا تھا اور ہونٹوں پر زبان پھیرتا تھا، اسے ان میں بریک فاسٹ، لنچ اور ڈنر نظر آتا تھا لیکن مرغیاں زیادہ تھیں اور وہ تگڑی بھی تھیں چناں چہ وہ انہیں کھا نہیں پا رہا تھا، اس کے ذہن میں پھر اچانک ایک آئیڈیا آیا، اس نے مرغیوں کے ٹھکانے کے قریب ایک بورڈ لگا دیا جس پر لکھا تھا "کمفرٹ زون سے باہر آئو، یہ گندے ڈربے تمہارا ٹھکانہ نہیں ہیں، تم شاہین ہو بسیرا کرو چٹانوں پر"۔
بورڈ پڑھنے کے بعد مرغیوں کو پہلی مرتبہ پتا چلا ہم مرغیاں نہیں ہیں، ہم شاہین ہیں اور ہمارا بسیرا ڈربوں کی بجائے چٹانیں ہیں اور ہمیں ان تک پہنچنے کے لیے اپنے کمفرٹ زون سے باہر نکلنا ہوگا، نیولہ بھی انہیں موٹی ویٹ کرنے لگا چناں چہ وہ ایک ایک کرکے کمفرٹ زون سے نکلنے اور شاہین بننے لگیں، وہ نیولے کی قیادت میں جب پہاڑی کے آخری سرے پر پہنچتی تھیں تو وہاں ایک اور بورڈ نظر آتا تھا جس پر لکھا تھا "تم جب تک کودو گے نہیں تمہیں اس وقت تک اپنے پوٹینشل کا پتا نہیں چلے گا"۔
نیولہ مرغیوں کو وہ بورڈ دکھاتا اور اونچی آواز میں کہتا "دیکھو یہ دنیا کے سب سے کام یاب شخص اور موٹی ویٹر برین ٹریسی نے کہا تھا اور صرف اس ایک فقرے نے کروڑوں لوگوں (مرغیوں) کا مقدر بدل دیا، تم بھی کودو اور پھر دیکھو قدرت نے تمہیں کتنی شان دار صلاحیتوں سے نواز رکھا ہے"۔
مرغیاں اس کے جھانسے میں آ جاتیں، وہ چٹان سے کود جاتیں اور زخمی ہو جاتیں، نیولہ دوڑ کر نیچے جاتا اور شاہین بننے کے عمل سے گزرتی مرغیوں کو ہڑپ کر جاتا، مرغیاں آہستہ آہستہ شاہین بنتی گئیں اور نیولہ انہیں کھاتا گیا یہاں تک کہ پہاڑی پر مرغیوں کے پر اور گندے ڈربوں کے سوا کچھ نہ بچا۔ نفسیات میں نیولے کی اس تکنیک کو "کاگنیٹو مینو پولیشن" جب کہ اردو میں ذہنی ہیرا پھیری یا چال بازی کہتے ہیں، اس تکنیک کے ذریعے چال باز لوگ نیولے کی طرح دوسرے لوگوں کو "موٹی ویٹ" کرتے ہیں اور پھر ان کی بربادی کو انجوائے کرتے ہیں۔
میں اکثر لوگوں سے عرض کرتا ہوں دنیا کی تمام موٹی ویشنل سٹوریز آپ کے لیے نہیں ہیں، آپ کہانیوں سے متاثر ہونے سے پہلے اپنے حالات کا جائزہ ضرور لے لیا کریں، یہ عین ممکن ہے آپ کو موٹی ویٹ کرنے والا شخص نیولہ ہو اور وہ برین ٹریسی کی مثال دے کر آپ کو ہڑپ کرنا چاہتا ہو، دوسرا کمفرٹ زون برا نہیں ہوتا، آپ اگر کونے میں بیٹھ کر مزے سے زندگی گزار سکتے ہیں، آپ کی ساری ضرورتیں پوری ہو رہی ہیں تو پھر خود کو........
