menu_open Columnists
We use cookies to provide some features and experiences in QOSHE

More information  .  Close

Aik Ajeeb Qabristan

12 0
latest

رات کا وقت ہے، ہر طرف اندھیرا چھایا ہوا ہے، چاند آسمان پر ہے، لیکن وہ بادلوں میں چھپتا جا رہا ہے۔

میں ایک قبرستان میں کھڑا ہوں۔ یہاں پر بہت ساری قبریں ہیں اور ہر قبر کے اوپر اس کا کتبہ ہے اور ہر ایک پر کچھ نہ کچھ لکھا ہوا ہے۔ تو مجھے پہلے ڈر لگا کہ میں کیوں ایک قبرستان میں کھڑا ہوں جہاں بہت ساری قبریں ہیں اور بہت سارے ڈراؤنے خیالات ذہن میں آنے لگے۔

لیکن میں پھر آہستہ آہستہ، ڈرتے ڈرتے ایک قبر کے پاس گیا اور اس کے کتبے کو پڑھنے کی کوشش کی۔ جب میں ایک قبر کے ٹومب اسٹون کو پڑھ رہا تھا تو ایک دم سے محسوس ہوا کہ میرے پیچھے کوئی چیز آ کر کھڑی ہوگئی ہے۔

میں نے پلٹ کر دیکھا تو ایک بہت ہی سفید رنگ کی کوئی چیز تھی، انسانی جسم جیسی اور شکل بھی تھی اور وہ مجھے کچھ کہنے کی کوشش کر رہی تھی۔

جب وہ کچھ کہنے کی کوشش کر رہی تھی تو اس کی آواز یا الفاظ جیسے آپس میں الجھ رہے تھے، سمجھ نہیں آ رہے تھے۔ جب وہ چیز کچھ کہنے لگی تو میں ڈر گیا، میں زمین پر گر گیا۔

لیکن مجھے سمجھ نہیں آئی کہ وہ کیا کہہ رہا تھا۔ میں ایک دم سے تھوڑی دیر کے لیے بے ہوش سا ہوگیا۔ پھر جب میری آنکھ کھلی تو وہ چیز جا چکی تھی اور مجھے بالکل سمجھ میں نہیں آیا کہ وہ مجھ سے کیا کہنے کی کوشش کر رہی تھی۔

میں کچھ دیر وہیں بیٹھا رہا اور پھر میں نے دوبارہ قبروں کے کتبے پڑھنا شروع کیے۔ پھر میں نے ایک قبر کو پڑھا۔ اس قبر میں کوئی انسان نہیں تھا۔ کسی انسان کو دفنایا نہیں گیا تھا۔ اس کے کتبے پر لکھا تھا: "میرا خواب"۔

میرا ڈاکٹر بننے کا خواب اور پھر اس کے نیچے بھی لکھا تھا کہ 1985 سے 2005 تک یہ خواب اس کے دل میں رہا۔ بیس سال تک وہ انسان اپنے اس خواب کو دباتا رہا، کیونکہ وہ کچھ اور بن گیا۔

تو میں اس کے بعد دوسری قبر پر گیا۔ اس کے کتبے پر لکھا تھا: "میوزیشن"۔

اور اس پر لکھا تھا کہ یہ خواب میں نے دفنا دیا، کیونکہ مجھے میوزیشن بننا تھا۔ میں چھوٹی عمر سے میوزیشن بننا چاہتا تھا، لیکن میری فیملی اس پروفیشن کو پسند نہیں کرتی تھی، تو اس لیے میں انجینئر بن گیا۔ لیکن یہ میوزیشن بننے کا خواب مجھے دفنانا پڑ گیا۔

ٹھیک ہے، تو اب یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ہم ان خوابوں کو دفن کیوں کر دیتے ہیں؟ اور وہ خواب ہمارے پورے کیوں نہیں ہوتے؟

مجھے یہ خیال آیا تو وہ سارا جو ڈر اور خوف تھا، قبرستان میں کھڑے ہونے کا، وہ ختم ہوگیا۔ میں یہ سوچنے پر مجبور ہوگیا کہ یہ ساری قبریں، ہر ایک قبر میں ایک خواب دفن ہے اور کون لوگ ہیں جو ان خوابوں کو دفنا رہے ہیں؟

کچھ خواب بہت جلدی دفنا دیے گئے۔ میں نے ایک قبر کے کتبے پر دیکھا، مشکل سے پانچ سال تک اس نے اس خواب کو رکھا اور اس کے بعد اسے دفنا دیا۔ اس کا خیال تھا کہ یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

اور بھی بہت ساری قبریں تھیں، جن کے کتبوں پر مختلف قسم کے خواب لکھے ہوئے تھے۔ ایکٹر بننے کا خواب۔

میوزیشن بننے کا خواب، پائلٹ، انجینئر، ڈاکٹر، رائٹر، پوئٹ، پریزیڈنٹ بننے کا خواب، سیلر بننے کا خواب، ایکسپلورر بننے کا خواب، مطلب خوابوں کی ایک لمبی لائن لگی ہوئی تھی۔

اور پھر کچھ خواب ایسے بھی تھے جن میں کسی نے کسی کی خواہش دفن کی تھی۔ ایک قبر کے کتبے پر لکھا تھا کہ مجھے وہ لڑکی پسند تھی، لیکن میں اسے حاصل نہ کر سکا۔ وہ لڑکی میرا خواب تھی اور میں نے اس خواب کو بھی دفنا دیا، کیونکہ اب یہ بات بہت پرانی ہوگئی ہے اور وہ لڑکی میری زندگی سے جا چکی ہے۔

ایک قبر ایسی بھی ملی جس کے ٹومب اسٹون پر لکھا تھا: "ابھی میں اپنے خواب کو فی الحال دفنا رہا ہوں، لیکن کچھ دنوں کے بعد شاید میں واپس آ کر اسے نکال لوں اور اس خواب کو پورا کروں"۔

اور کچھ قبروں کے کتبوں پر یہ بھی لکھا تھا: "مجھے نہیں اندازہ کہ یہ واقعی میرا خواب تھا، یا ایک خواہش تھی، یا صرف ایک وہم تھا"۔

اور جب میں نے مزید قبروں کے کتبے پڑھے، تو مجھے یہ بھی سمجھ آیا کہ ان خوابوں کو دفنانے کی وجوہات کیا تھیں۔ کچھ خواب اس لیے دفن کیے گئے کیونکہ والدین کو وہ پیشہ پسند نہیں تھا۔ کچھ خواب دوستوں کی باتوں کی وجہ سے چھوڑ دیے گئے۔ کچھ خواب اس لیے دفن ہوئے کیونکہ وسائل نہیں تھے، فنڈز نہیں تھے، سپورٹ نہیں تھی اور کچھ خواب اس لیے دفن ہوئے کیونکہ زندگی نے اجازت نہیں دی، کوئی بیمار ہوگیا، کوئی حالات کا شکار ہوگیا اور وہ یہ سوچنے لگا کہ شاید اب یہ خواب اپنے بچوں یا اپنی فیملی کے ذریعے پورا ہو۔

کچھ خواب بہت سادہ تھے، گھر بنانے کا خواب، کار یا بائیک لینے کا خواب، دولت مند بننے کا خواب، دوسروں کی مدد کرنے کا خواب، دنیا کو بہتر بنانے کا خواب اور بھی بہت سارے ایسے خواب تھے جو لوگ پورے نہیں کر سکے اور کچھ خواب ایسے بھی تھے جو وطن کی محبت میں دیکھے گئے تھے، اپنے ملک کی خوشحالی کے لیے، اس کو بہتر بنانے کے لیے۔ لیکن وہ بھی پورے نہ ہو سکے، کیونکہ کہیں نہ کہیں لوگوں نے جلدی ہار مان لی یا حالات کے سامنے جھک گئے۔

اور دوسری بات یہ کہ یہ جو قبرستان ہے، کیا ایسے اور بھی قبرستان دنیا میں موجود ہیں؟ اور لوگوں کو ان قبرستانوں کا پتہ بھی ہے یا نہیں؟ یا کسی کو بس اتفاقاً پتہ چل جاتا ہے اور وہ بھی وہاں اپنے خواب دفنانے آ جاتے ہیں؟

جب کوئی اپنا خواب دفن کرتا ہوگا تو وہ کتنا افسردہ ہوتا ہوگا، کتنا غمگین، کتنا اداس، کہ وہ خواب جو اس نے اپنے دل میں سالوں تک رکھا، اب وہ وقت آ گیا کہ اسے دفنانا پڑ رہا ہے۔

اب یہاں ایک اور بات سمجھ آتی ہے۔ جب کوئی خواب دیکھتا ہے، تو وہ اکیلا ہی اسے دیکھتا ہے اور یہ سوچتا ہے کہ میں اسے خود پورا کروں گا، اپنی محنت سے، اپنے لگن سے، اپنے پیشن سے۔ لیکن جب خواب پورا نہیں ہوتا، تو بہت سے لوگ اسی جگہ رک جاتے ہیں اور اپنے خواب کو دفن کر دیتے ہیں۔

لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو دوسروں سے مدد لیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ کیا میرا خواب پورا ہو سکتا ہے؟ مجھے تھوڑی سپورٹ چاہیے، فیملی کی سپورٹ، لوگوں کی سپورٹ اور جب وہ قائل کر لیتے ہیں، تو انہیں وہ سپورٹ مل جاتی ہے اور ان کے خواب پورے بھی ہو جاتے ہیں۔

اور ایک اور خوبصورت بات یہ ہے کہ اگر آپ کے اپنے خواب پورے نہیں ہو رہے، تو ان لوگوں کو دیکھیں جن کے خواب آپ پورے کر سکتے ہیں۔ ان کے لیے شاید وہ خواب بہت مشکل ہوں، لیکن آپ کے لیے آسان ہو سکتے ہیں۔ آپ ان کے خواب پورے کر سکتے ہیں، چاہے آپ کے اپنے خواب پورے ہوں یا نہ ہوں۔

ایسے لوگ بھی دنیا میں موجود ہیں جو دوسروں کے خواب پورے کرتے ہیں۔ وہ کبھی لائم لائٹ میں نہیں آتے، کبھی لوگوں کو نہیں بتاتے، لیکن پوری محنت کے ساتھ کسی اور کا خواب پورا کر دیتے ہیں اور پھر اسی کی کامیابی دیکھ کر خوش ہوتے ہیں۔

خواب دیکھنا بھی چاہیے۔ بند آنکھوں سے تو ہم دیکھتے ہی ہیں، لیکن کھلی آنکھوں سے بھی دیکھنا چاہیے۔ کیونکہ اگر آپ کے پاس خواب نہیں ہیں، تو آپ کے پاس زندگی نہیں ہے۔

خواب ہمیشہ مستقبل کی بات کرتے ہیں۔ خواب کبھی ماضی میں نہیں لے کر جاتے اور حقیقت یہ ہے کہ جو خواب دفن ہو جاتے ہیں، ان کی تعداد بہت زیادہ ہے اور جو خواب پورے ہوتے ہیں، وہ نسبتاً کم ہیں۔ لیکن اس کے باوجود امید باقی ہے اور اب آخر میں مجھے سمجھ آیا۔ وہ جو سفید سی چیز تھی، جو مجھے کچھ کہنے کی کوشش کر رہی تھی۔

وہ شاید یہ کہنا چاہ رہی تھی: "میں بھی تو تمہارا خواب ہوں۔ مجھے تم کب دفنانے والے ہو؟"


© Daily Urdu (Blogs)