Mere Pakistan Ke Naam, Chand Harf e Muhabbat
میرے پاکستان کے نام، چند حرفِ محبت
محبت کا ایک عجیب دستور ہے۔ جب محبوب سامنے ہو تو اس کی موجودگی زندگی کا معمول لگتی ہے، مگر جب فاصلہ آ جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ دراصل وہ ہماری زندگی میں کہاں کہاں آباد تھا۔
تم سے دور آ کر مجھے یہ بات پہلے سے کہیں زیادہ سمجھ آئی ہے۔ تم صرف ایک جگہ نہیں ہو جس میں میں رہتا تھا، تم وہ احساس ہو جس میں میں جیتا ہوں۔
آج جب تم سے دور ہوں تو کبھی کسی ہوا کے جھونکے میں تمہاری مٹی کی خوشبو تلاش کرتا ہوں، کبھی کسی اجنبی شہر کی صبح میں تمہاری صبح کا چہرہ ڈھونڈتا ہوں اور کبھی شام اترتے دیکھ کر بے اختیار سوچتا ہوں کہ اس وقت میرے وطن، تمہارے وہاں کیسی شام ہوگی؟
یہ کیسی محبت ہے کہ فاصلے اسے کم نہیں کرتے، بلکہ اور گہرا کر دیتے ہیں۔
تمہاری یاد اب کسی ایک لمحے یا کسی ایک منظر کی محتاج نہیں رہی۔ وہ تو جیسے زندگی کے ساتھ ساتھ چلتی ہے۔ کبھی کسی خوشبو سے اچانک دل ٹھٹک جاتا ہے، کبھی کوئی آواز بچپن کے کسی بھولے ہوئے دروازے کو کھول دیتی ہے اور کبھی بلا کسی سبب تم یاد آ جاتے ہو۔ پھر ایک عجیب سی کسک دل میں اترتی ہے، نہ پوری طرح دکھ، نہ پوری طرح خوشی، بس ایک گہرا سا احساس کہ تم سے، میں اپنے گھر سے بہت دور........
